اسلام آباد ہائی کورٹ کی نواز شریف کو سرنڈر کرنے کے لیے 9 دن کی مہلت

نواز شریف کے سرنڈر نہ کرنے کی صورت میں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، تحریری حکم

سماعت کے موقع پر ہائیکورٹ میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کے لیے 9 دن کی مہلت دی ہے۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کے 2 رکنی بینچ نے ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسز پر احتساب عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور نیب کی نظر ثانی درخواستوں پر سماعت کی، اس موقع پر وکیل نواز شریف خواجہ حارث، رہنما (ن) لیگ مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں پیش ہوئے جب کہ سینیٹر پرویز رشید سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔


سماعت کے دوران عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیتے ہوئے وکیل خواجہ حارث سے کہا کہ آپ کو ایک موقع دے رہے ہیں کہ آئندہ سماعت سے قبل سرنڈر کریں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ نوازشریف ہر صورت میں عدالت کے سامنے پیش ہوں جب کہ اگر آپ کو ائیرپورٹ پر کوئی گرفتاری کا خدشہ ہے تو بتا دیں۔

عدالت نے کہا کہ نواز شریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر مناسب حکم جاری کریں گے، ہم اپنا تحریری حکمنامہ جاری کریں گے جس میں بتائیں گے کب سرنڈر کرنا ہے جب کہ وفاقی حکومت بھی اپنا موقف پیش کرے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرنڈر کرنے کی تاریخ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی۔

تحریری حکم؛

جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے آج کی سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا جس کے مطابق عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سرنڈر کرنے کے لیے 9 روز کی مہلت دی ہے۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا کہ العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی ضمانت غیر موثر اور ختم ہوچکی جب کہ وہ عدالت کے سامنے بھی پیش نہیں ہوئے، نواز شریف 10 ستمبر تک عدالت کے سامنے سرنڈر کریں اور آئندہ سماعت تک عدالت میں پیشی یقینی بنائیں۔

حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ نیب نے نواز شریف کو مفرور قرار دینے کی استدعا کی، عدالت کو بتایا گیا کہ مفرور قرار دینے کے باوجود اپیلوں پر فیصلہ کیا جاسکتا ہے، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے نواز شریف کی صحت سے متعلق حکومتی ہدایات کے لیے وقت مانگا، ڈپٹی اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر حکومتی ہدایات لے کر نواز شریف کی صحت سے متعلق آگاہ کریں۔

حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی ضمانت 27 فروری کو ختم ہو چکی ہے، نواز شریف کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی، نواز شریف نے نام ای سی ایل سے نکلنے اور بیرون ملک جانے سے متعلق عدالت کو آگاہ نہیں کیا لہذا عدالت مناسب سمجھتی ہے کہ نواز شریف کو سرنڈر کرنے کے لیے موقع فراہم کیا جائے۔

عدالت نے حکم نامہ میں کہا کہ نواز شریف متعلقہ اتھارٹیز کے سامنے سرنڈر کریں اور آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں، نواز شریف کے سرنڈر نہ کرنے کی صورت میں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

وفاق سے بھی رپورٹ طلب؛


عدالت نے 10 ستمبر کو وفاقی حکومت سے بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بتائے شہباز شریف کے بیان حلفی کی روشنی میں اب تک کیا کیا، کیا وفاقی حکومت نے نواز شریف کی صحت سے متعلق اپنے طور پر تصدیق کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کو آئندہ سماعت پر عدالت آنے سے بھی روک دیا، جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ مریم نواز کے آنے سے سڑکیں بلاک ہوجاتی ہیں لہذا ابھی ان کو آنے کی ضرورت نہیں۔

مریم نواز گفتگو؛

سماعت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‏میرا نہیں خیال نواز شریف آل پارٹیز کانفرنس میں جانے سے منع کریں گے، ہم آل پارٹیز کانفرنس میں جائیں گے جب کہ اے پی سی میں پتہ چل جائے گا کہ سب ایک پیج پر ہیں یا نہیں، وقت کی ضرورت ہے کہ تمام جماعتیں ملک کے لیے ایک پیج پر آئیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کا لندن میں علاج چل رہا ہے اور کورونا کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی، نواز شریف وطن واپس آنے کے لیے بہت بے چین ہیں تاہم میری نواز شریف سے ضد ہوگی کہ جب تک علاج نہیں ہو جاتا واپس نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں چاہے گا کہ اس عمر میں اپنے ملک سے دور رہیں، ہمیں اپنی اپنی نہیں بلکہ پاکستان کا سوچنا چاہیے جب کہ ‏پانچ سال میں جو نقصان کرنا تھا وہ انہوں نے ڈیڑھ سال میں کرلیا۔

سکیورٹی انتظامات؛

سماعت کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، عدالت جانے والے راستوں کو بند کرکے خاردار تاروں سے سیل کیا گیا تھا جب کہ سیکیورٹی کے لیے 560 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

نظرثانی درخواستوں میں فریق؛

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور ان کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جیل، قید اور جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔ سزا کے خلاف ملزمان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جس نے ستمبر 2018 میں ان سزاؤں کو کالعدم قرار دے دیا جس کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر جیل سے رہا ہو گئے تھے۔

احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو 7 سال قید، 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے پر فائز ہونے پر پابندی، ان کے نام تمام جائیداد ضبط کرنے اور تقریباً پونے چار ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی سزا 8 ہفتوں کے لیے معطل کی تھی جب کہ نیب نے بھی العزیزیہ کیس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل کر رکھی ہے۔ احتساب عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کر دیا تھا جس کے خلاف نیب نے اپیل کر رکھی ہے۔

Load Next Story