حکومتِ سندھ کراچی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں شبلی فراز

وزیر اعظم کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس


ویب ڈیسک September 01, 2020
ہماری ہمدردیاں کراچی کے شہریوں کے ساتھ ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات کا پریس کانفرنس سے خطاب(فوٹو، فائل)

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سندھ کی حکومت کراچی کے مسائل کو سنجیدہ نہیں لے رہی یا سنجیدگی سے حل کر نہیں پا رہی تاہم وزیراعظم عمران خان اس معاملے پر دو ٹوک مؤقف رکھتے ہیں اور شہر قائد کے مسائل کے حل کے لیے مربوط اقدامات اُٹھانا چاہتے ہیں۔

کابینہ اجلاس سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شبلی فراز نے بتایا کہ آج اجلاس کا ایجنڈا شروع ہونے سے قبل ہی کراچی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ کراچی کے مکینوں کیساتھ ہماری ہمدردیاں ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: وزیر اعظم کی ''کراچی ٹرانسفارمیشن پلان'' کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے طور پر جو بھی کراچی کے لئے کرسکے کریں گے۔ وزیراعظم اور ہماری حکومت نے دیکھا کہ کراچی کے مسائل جوں کے تُوں ہیں۔ پانی ،سیوریج اور سالڈ ویسٹ مینجمینٹ کا مسئلہ ہے۔ ہم سندھ حکومت کے مینڈیٹ کو مانتے ہیں۔ سندھ حکومت کے تعاون کے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے بھی نام دیئے گئے ہیں ہم نے بھی نام دیئے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طلب کرنے کے عدالتی فیصلے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے بھی کہا ہے کہ نواز شریف کو واپس آنا ہوگا۔ تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والا اگر قانون سے بھاگتا ہے تو اس پر عوام کو سوچنا چاہیے۔ نواز شریف کو قانون کے سامنے پیش ہوکر سوالوں کے جواب دینا ہوں گے۔ مسلم لیگ نون انتشار کا شکار ہے اس میں کئی گروپس بنے ہوئے ہیں ۔ نواز شریف چہل قدمی کی تصویریں اور چائے پینے کی تصویریں بھیج رہے ہیں۔

صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ساتھ پاکستان کی خوشحالی منسلک ہے۔ دشمن نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے۔ہر ملک اپنے قومی مفاد میں فیصلے کرتا ہے۔ سی پیک پاکستان کے قومی مفاد میں ہے اس کی حفاظت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں حکومت کے ساتھ کام کرتا ہے.سی پیک کو ن لیگ نے ذاتی منصوبہ بنا لیا تھا جو غلط ہے. سی پیک پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں