محکمہ موسمیات نے ملک میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا

منگل اورجمعرات کو ہونے والی شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات


Staff Reporter/ September 01, 2020
منگل اورجمعرات کو ہونے والی شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر شہری علاقوں میں سیلابی کیفیت اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ بدھ اور جمعرات کو بھی کشمیر، گلگت بلتستان ، خطہ پوٹھوہار، میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، اس دوران گوجرانوالہ ، نارووال،حافظ آباد،سیالکوٹ ، گجرات ، لاہور، شیخو پورہ، فیصل آباد،اوکاڑہ، قصور میں بھی موسلادھاربارشوں کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا صوابی، ہری پور، بونیر ، ایبٹ آباد ، پشاور اور چارسدہ میں مزید موسلادھار بارش ہو سکتی ہیں جب کہ منگل اورجمعرات کو ہونے والی شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغيانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے اس لئے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: طوفانی بارشوں سے 70 بچوں اور 20 خواتین سمیت 176 مجموعی اموات

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک میں آئندہ دنوں میں موسم کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کردیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دنوں کی ایڈوائزری رپورٹ کے مطابق ملک میں دو دن تک مزید بارشوں کا امکان ہے، ملک کے بالائی علاقوں میں بدھ اور جمعرات کو بارش ہو گی۔

کراچی میں تیز بارشوں کا امکان نہیں

ٍکراچی میں اگلے 15 روز تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان نہیں ہے اور دوہفتے کے دوران سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے ہلکی بارش اور بونداباندی ہوسکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفرازکے مطابق سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے بالخصوص صبح اوررات کے اوقات میں بونداباندی،پھوار اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ ستمبر میں مطلع کبھی صاف اور کبھی جزوی ابر الود رہنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق عموما 15ستمبر تک مون سون شہر سے رخصت ہوجاتا ہے،تاہم کبھی کبھی اس کا دورانیہ ستمبر کے آخر تک بھی بڑھ جاتا ہے،سردار سرفراز کے مطابق ستمبر میں بارشوں کے 30 سالہ ریکارڈ کے مطابق معمول کی اوسط بارش 11ملی میٹر ریکارڈ ہوچکی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ بارش ستمبر 2009 میں 68.9ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ستمبر میں معمول کا کم سے کم اوسط درجہ حرارت 25.6 ڈگری اوراوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2 سینٹی گریڈ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |