چین ایران کو اسلحہ فروخت کرنے سے باز رہے امریکا

چین اور ایران دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ممالک ہیں، امریکی وزیر خارجہ

چین اور ایران اسلحے کی تجارت کے معاہدے کر رہے ہیں، مائیک پومپیو (فوٹو : فائل)

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے ہتھیاروں کی تجارت کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ چین اور ایران کے درمیان اسلحے کی تجارت کے لیے معاہدے کیے جارہے ہیں، چین نہ صرف ایران کو اسلحہ فروخت کرے گا بلکہ ایران سے عسکری سسٹم بھی خریدے گا۔ چین کے لیے یہ منافع خیز ہوگا لیکن امریکا کے لیے یہ بالکل بھی قابل قبول نہیں۔


وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مزید کہا کہ اگر چین نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی تو ہم چین کو ذمہ دار ٹھہرانے پر مجبور ہو جائیں گے اور اس کے جواب میں چین پر مزید پابندیاں عائد کرسکتے ہیں۔

مائیک پومپیو نے امید ظاہر کی کہ موسم خزاں میں ایران پر دوبارہ سے عالمی پابندیوں کا اطلاق ہوجائے گا جو حال ہی میں معیاد پوری ہونے کی وجہ سے ختم ہونے کے قریب ہے۔ اس طرح چین اور ایران کے درمیان اسلحہ کی فروخت کے مواقع ازخود کم ہوجائیں گے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین اور ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سب سے زیادہ پامالی کرنے والے ممالک ہیں۔
Load Next Story