طوفانی بارشوں سے 70 بچوں اور 20 خواتین سمیت 176 مجموعی اموات

بارشوں کے دوران 1307 مکانات مکمل تباہ اور 853 کو جزوی نقصان پہنچا، این ڈی ایم اے


ویب ڈیسک September 01, 2020
شدید بارشوں سے 10 سڑکیں، 9 پل، 1 ہوٹل، 3 دکانیں، 4 مساجد اور 2 پاور ہاوسز کو بھی نقصان پہنچا، رپورٹ۔ فوٹو؛فائل

مون سون سیزن میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث ملک میں مجموعی طور پر اموات کی تعداد 176 ہوگئی ہے جب کہ اس دوران 1307 مکانات مکمل تباہ اور 853 کو جزوی طور پرنقصان پہنچا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں اور سیلاب کے دوران جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق مون سون سیزن میں مجموعی اموات کی تعداد 176 ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 70 کم عمر بچے، 20 خواتین اور 86 مرد شامل ہیں، بارش و سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں سب سے زیادہ سندھ میں 72 افرادجاں بحق ہوئے، جب کہ پنجاب میں 16، خیبر پختونخوا میں 48، بلوچستان میں 19، کشمیر میں10 اور گلگت بلتستان میں 11 افراد جان کی بازی ہارگئے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: محکمہ موسمیات نے ملک میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا

این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارش و سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں 101 افراد زخمی بھی ہوئے اور زخمی ہونے والوں میں 17 کم عمر بچے، 11 خواتین اور 73 مرد شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں سے 10 سڑکیں، 9 پل، 1 ہوٹل، 3 دکانیں، 4 مساجد اور 2 پاور ہاوسز کو بھی نقصان پہنچا، 1307 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے جب کہ 853 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں