ملک میں انصاف اور اچھی تعلیم صرف پیسے والوں کے لئے ہے عمران خان

عام آدمی کا بچہ اردو میڈیم اور بڑے آدمی کا بچہ انگلش میڈیم میں پڑھتا ہے جو بہت بڑا ظلم ہے،چیئرمین تحریک انصاف

پاکستان کو نیا پاکستان بنانا میرا مشن ہے، چیئرمین تحریک انصاف فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ ملک میں انصاف اور اچھی تعلیم صرف پیسے والوں کے لئے ہے، کوئی معاشرہ اپنے لوگوں سے ایسا ظلم نہیں کرتا جو ہمارے ملک میں رواں رکھا گیا ہے۔


میانوالی میں نمل یونیورسٹی کے طلبا کے پہلے کنووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں امیراور غریب کے لئےعلیحدہ علیحدہ تعلیمی نظام ہے، عام آدمی کا بچہ اردو میڈیم اور بڑے آدمی کا بچہ انگلش میڈیم میں پڑھتا ہے جو بہت بڑا ظلم ہے، ان کا مشن پاکستان کو نیا پاکستان بنانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نمل کالج ان کا ذاتی یا سیاسی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کی آنے والی نسل کا منصوبہ ہے، نمل یونیورسٹی جس کی تعمیر میں انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، وہ پنجاب حکومت کے بہت مخالف ہیں لیکن اس معاملے میں ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمیں اس منصوبے کے لئے زمین دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کی راہ میں دینے والوں میں پوری دنیا میں پاکستان پہلے پانچ ملکوں میں شامل ہے، یہی وجہ ہے کہ نمل میں 90 فیصد طلبا کے لئے تعلیم بالکل مفت ہے اور برطانوی یونیورسٹیاں جو تعلیم کروٓڑوں روپے کے عوض دیتی ہیں وہی تعلیم یہاں مفت دی جارہی ہے۔
Load Next Story