پانی کی عدم نکاسی سرجانی ٹاؤن میں سڑکوں اور گلیوں میں کیچڑ کی تہہ جم گئی

12روز سے بجلی کی بندش سے معمولات زندگی متاثر،کیچڑاورگندگی سے مکینوں کا چلنا پھرنا دوبھر،علاقے میں آمدروفت بند ہوگئی


Staff Reporter September 02, 2020
سیکٹرفوربی،بسم اللہ ٹاؤن،یوسف گوٹھ،رحیم گوٹھ اوردیگرعلاقوں میں پانی اب بھی کھڑاہے،حکومتی اورسیاسی رہنماکترانے لگے۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی میں مون سون کی حالیہ بارشیں ختم ہونے کے بعد بھی تاحال سرجانی ٹاؤن کے علاقہ مکینوں کی زندگی معمول پر نہ آسکی جب کہ سرجانی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جمع برساتی پانی کی مکمل نکاسی نہ ہونے کے باعث سڑکوں اور گلیوں میںکیچڑ کی تہہ جم گئی۔

حکومتی اداروں کی عدم توجہی اور غفلت کے باعث سرجانی ٹاؤن میں سیکٹر فور بی، بسم اللہ ٹاؤن، یوسف گوٹھ، عبدالرحیم گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا پانی تاحال موجود ہے کئی دن برساتی پانی جمع رہنے سے سڑکوں پر کیچڑ کی تہہ جم گئی جس سے مکینوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سیوریج کے ناقص انتظامات کے باعث گٹروں کا آلودہ پانی گلی محلوں میں جمع ہوگیا ہے جس کے باعث ہوا میں شدید تعفن پھیل رہا ہے، گھروں کے نلکوں میں بھی آلودہ پانی آرہا ہے۔

مختلف علاقوں میں پانی جمع رہنے، گندگی و غلاظت کے ڈھیر کے باعث مکھیوں اور مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جوکہ ڈنگی، ملیریا، ٹائفائیڈ، ڈائریا جیسی وبائی بیماریاں پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے علاقے میں گزشتہ 12 روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سرجانی ٹاؤن میں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، پیسوں سے پانی خرید کر پی رہے ہیں۔ بجلی اور پانی کی تنگی کی وجہ سے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں، 12 روز سے علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے جس کے سبب معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اور سیاسی رہنما یہاں آنے سے کترارہے ہیں، ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہے، بارشوں کے بعد سے کوئی وزیر اور مشیر پوچھنے یا دیکھنے تک نہیں آیا، صرف سماجی ادارے یہاں کے مکینوں کو کھانے پینے کی اشیا اور مدد کررہی ہیں، حکومت اور ادارے خدارا ہماری مدد کریں ہمارا ان بنیادی مسائل کے جینا مشکل ہوگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں