نیشنل سیکیورٹی پالیسی کا چند دن میں اعلان کردیں گے چوہدری نثار

پالیسی میں پہلا آپشن مذاکرات، دوسرا اسٹریٹیجک اور تیسرا آپریشن ہوگا، وفاقی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس


ویب ڈیسک December 15, 2013
چیئرمین نادرا کی برطرفی کا انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق سے کوئی تعلق نہیں،چوہدری نثار۔ فوٹو:فائل

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نیشنل سیکورٹی پالیسی کا باقاعدہ ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے اور کابینہ کی منظوری کے بعد آئندہ چند روز میں اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کوئی جنرل پالیسی نہیں دی بلکہ ٹائم باؤنڈ پالیسی دی، پالیسی کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے جسے آئند چند روز میں پہلے کابینہ کی کمیٹی برائے قومی سلامتی اور بعد میں وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد پالیسی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا، دہشت گردی سے پاکستان کو عراق سے زیادہ نقصان ہوا ہے لیکن گزشتہ 13 سالوں میں ہمارے پاس کوئی قومی سلامتی کی پالیسی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لئے شدت پسندوں سے مذاکرات حکومتی اور کل جماعتی کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق پہلی ترجیح ہیں، قومی سیکیورٹی پالیسی میں پہلا آپشن مذاکرات، دوسرا اسٹریٹیجک اور تیسرا آپریشن ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز عوام کی حفاظت کے بجائے چوکیداری کر رہے تھے، یہ ان کی توہین ہے کیونکہ سول آرمڈ فورسز چوکیدارنہیں، موجودہ حکومت نے صرف وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس کو ہائی سیکیورٹی فراہم کی اور اس کے علاوہ تمام حکومتی افسران سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے چیرمین نادرا کی برطرفی کے حوالے سے کہا ہے کہ چیرمین نادرا کو رات کے اندھیرے میں نہیں دن کے اجالے میں گھربھیجا گیا،طارق ملک کو نکالنے پر جھوٹ اورغلط بیانی کا طوفان کھڑا کردیا گیا ہے اور اس معاملے کو میڈیا میں فٹ بال کی طرح اچھالا جا رہا ہے، نادرا کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے اربوں روپے خرچ کئے گئے، عوامی پیسہ کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، چیئرمین نادرا کی برطرفی درست فیصلہ ہے کوئی سرکاری افسر ایسا نہیں جو 21 لاکھ روپے تنخواہ وصول کرتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیرمین نادرا کی برطرفی کا انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق سے کوئی تعلق نہیں، عدالتی احکامات تک اس معاملے پرکسی قسم کی گفتگو نہیں کروں گا تاہم احکامات آنے کے بعد طارق ملک سےمتعلق بہت کچھ منظرعام پرلاؤں گا۔

عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے چوہدری نثار کاکہنا تھا کہ آئندہ3 ماہ کیلئےانگوٹھوں کی تصدیق کاکام الیکشن کمیشن کےحوالےکررہاہوں، جسٹس(ر)وجیہہ الدین کےذریعےووٹوں کی تصدیق کی نظرثانی کی پیشکش کی تھی، الیکشن کمیشن رہنمائی کرے کراچی میں انتخابات میں گڑ بڑ پر مقدمہ درج کراؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں