کراچی بندرگاہ پر زہریلی گیس کا اخراج علی زیدی کو نوٹس جاری

وفاقی وزیر نے سویابین سے بھرے جہاز کو غیرقانونی طور پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دی، درخواستگزار کا موقف


کورٹ رپورٹر September 02, 2020
زہریلی گیس خارج ہونے سے 14 افراد جاں بحق ہوئے تھے فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ پر زہریلی گیس کے اخراج سے متعلق کیس میں وفاقی وزیر علی زیدی، چیئرمین کے پی ٹی اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کے روبرو کے پی ٹی پر زہریلی گیس کے اخراج سے متعلق وفاقی وزیر علی زیدی اور دیگر کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار اقبال کاظمی نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیر نے سویابین سے بھرے جہاز کو غیرقانونی طور پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دی۔ احتیاطی تدابیر کے بغیر بحری جہاز 15 فروری کو لنگر انداز ہوا۔ زہریلی گیس خارج ہونے سے 14 افراد جاں بحق 400 متاثر ہوئے۔ وفاقی وزیر کے پاس اس جہاز کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر اجازت دینے کا کوئی اختیار نہیں تھا۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ وفاقی وزیر علی زیدی سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔

عدالت عالیہ نے وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی، چیئرمین کے پی ٹی اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 13 ستمبر تک جواب دینے کی ہدایت کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں