وزیراعظم کا انڈر ٹرائل اور سزا یافتہ خواتین قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم

جو قیدی سپریم کورٹ کے فیصلے کے معیار پر پوری اترتی ہیں ان کو فوراً رہا کیا جائے، عمران خان


ویب ڈیسک September 02, 2020
جو قیدی سپریم کورٹ کے فیصلے کے معیار پر پوری اترتی ہیں ان کو فوراً رہا کیا جائے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انڈر ٹرائل اور سزا یافتہ خواتین قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت خواتین قیدیوں کی صورت حال پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وزارت انسانی حقوق، اٹارنی جنرل پاکستان اور ماہرین قانون شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے انڈر ٹرائل خواتین قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین قیدیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کیا جائے، جو قیدی خواتین سپریم کورٹ کے فیصلے کے معیار پر پوری اترتی ہیں ان کو فوراً رہا کیا جائے۔

عمران خان نے غیر ملکی قیدی خواتین پر بھی رپورٹس مانگ لیں اور سزائے موت یافتہ خواتین قیدیوں کی سزاؤں پر نظرثانی کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

یاد رہے کہ اپریل میں حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے قیدیوں کی رہائی کے لیے سپریم کورٹ میں پیش کی گئی تجاویز میں کہا تھا کہ ان خواتین قیدیوں اور بچوں کو ضمانت پر رہا کیا جائے جن کے جرم کی سزا تین سال سے کم ہے، جو خواتین اور بچے اپنی سزا کا 75 فیصد مکمل کر چکے ہیں انھیں بھی رہائی ملنی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں