پنجاب میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں سب سے کم ہیں عثمان بزدار

لاہور کا ہر مسئلہ جانتا ہوں اس کیلئے خود میدان میں آیا ہوں، وزیر اعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک September 02, 2020
لاہور کا ہر مسئلہ جانتا ہوں اس لئے کیلئے خود میدان میں آیا ہوں، وزیر اعلیٰ پنجاب. فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم ہیں۔

سینئر کالم نگاروں،صحافیوں اوراینکرپرسنز کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم ہیں کیوں کہ زیادہ تر اشیاء حکومت کے مقررکردہ نرخوں پر دستیاب ہیں جب کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کاخود باقاعدگی سے جائزہ لیتا ہوں اورہدایات جاری کرتا ہوں اس ضمن میں مزید بہتری کے لئے پنجاب میں مہنگائی کے مستقل سدباب کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنارہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا پناہ گاہوں کے حوالے سے کہنا ہے کہ پناہ گاہوں میں روزانہ ہزاروں افراد قیام و طعام کرتے ہیں اس لئے پناہ گاہوں کے ساتھ لنگر خانے بھی شروع کررہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری پالیسیوں کا محور غریب آدمی ہے اس لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ کے نئے کورس متعارف کرائے ہیں جب کہ غریب آدمی کی فلاح وبہبود کیلئے تحریک انصاف کی حکومت کوشاں ہے کیوں کہ عام آدمی کیلئے زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہمارا فرض بھی ہے اورہماری ذمہ داری بھی ہے۔

عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ لاہور کا ہر مسئلہ جانتا ہوں اس لئے مسائل کے حل کیلئے خود میدان میں آیا ہوں اورشہری مسائل کے حل کیلئے 57 نکاتی ایجنڈے پر عمل کریں گے۔ یہاں دیگر مسائل میں ایک مسٔلہ ٹریفک کے نظام کا بھی ہے جس کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مسٔلے کو حل کرنے کے لئے شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سسٹم لائیں گے جب کہ ابتدائی مراحل میں ٹریفک مسائل حل کرنے کے لئے 2200 وارڈنزبھرتی کیے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔