خیبرپختونخوا میں بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی

صوابی اور اوگی میں مکانات کی چھت گرنے سے بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق


ویب ڈیسک September 03, 2020
صوابی اور اوگی میں مکانات کی چھت گرنے سے بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق - فوٹو: سوشل میڈیا

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی وجہ سے گھروں کی چھتیں گرنے اور پانی میں بہہ جانے سمیت مختلف حادثات میں اب تک 32 افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوچکے ہیں۔

ملک بھر سمیت خیبرپختونخوا میں ہونے والی طوفانی بارشوں اورسیلابی صورتحال نے تباہی مچادی، دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی سے کھڑی فصلیں تباہ، سڑکوں اورپلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے مٹی کے تودے، چھتیں گرنے، پانی میں بہہ جانے اورمختلف حادثات کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بارشوں سے سیلابی صورت حال کے باعث نوشہرہ اور چارسدہ میں دریاؤں کے قریب آباد کئی دیہات خالی کرالیے گئے ہیں اور سیاحوں کو بھی نکالا جارہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں اب تک 23 افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوچکے ہیں جب کہ 110 گھروں کوجزوی 13 گھروں کومکمل نقصان پہنچا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں سے احتیاط کرنے کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ بند سڑکیں کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں جب کہ نوشہرہ اور چارسدہ میں دریاوں قریب رہنے والے افراد صورت حال سے باخبر رہے۔

صوابی میں چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق


ریسکیو ذرائع کے مطابق صوابی کے علاقے موسی بانڈہ میں بارش سے کچے مکان کی چھت گرنے سے 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ہیں، جاں بحق وزخمیوں کو باچہ خان میڈیکل کمپلیکس صوابی منتقل کر دیا گیا ہے، جاں بحق افراد میں عاصمہ، سلمان ،سلمہ، تمنہ اور مینسہ شامل ہیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میر رضا نے علاقے میں الرٹ جاری کردیا اوردریائے کابل کے کناروں پر آبادی میں رہائش پذیر لوگوں کو دوررہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریائے سوات کے سیلابی ریلے میں تین افراد ڈوب چکے ہیں۔ جن میں سے ایک کی میت برآمد جب کہ دیگر دو کی تلاش جاری ہے۔ ڈوبنے والوں میں ایک پولیس اہلکاربھی شامل ہے۔

اوگی میں چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق


مانسہرہ کے علاقے اوگی حسین بانڈہ میں شدید بارش سے مکان کی چھت گرگئی، جس سے نتیجے میں 4 افراد فضل الہی، محمد شبیر، نوراسلام، بنت بی بی جاں بحق ہوگئے، مانسہرہ کے ہی علاقے چھترپلین میں مکان پرمٹی کا تودہ گرنے سے 5 افراد ملبے تلے دب گئے۔

سوات میں فضاگٹ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک جام، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جب کہ حالیہ تیز بارشوں کی وجہ سے مختلف مقامات سے دریائے سوات میں لوگ ڈوب گئے، جن کی تلاش کے لئے روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو 1122 کیجانب سے واٹر اینڈ سرچ ریسکیو اپریشن جاری ہے۔

دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورت حال


پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سوات میں چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 59078 کیوسک، منڈا35840، خوازخیلہ 33684، دریائے پانچکوڑہ 20981، کیوسک دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام 90393 کیوسک ہے جب کہ بارش سے دریائے سوات کے بہاو میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں