احتساب عدالت کا نیب حکام کو ملزمان کی گاڑیاں استعمال نہ کرنے کا حکم

آئندہ ایسا کسی صورت نہ ہو، نیب والے تھوڑے کہے کو زیادہ جانیں، احتساب عدالت


ویب ڈیسک September 03, 2020
آئندہ ایسا کسی صورت نہ ہو، نیب والے تھوڑے کہے کو زیادہ جانیں، احتساب عدالت

ISLAMABAD: احتساب عدالت نے نیب حکام کو ملزمان کی گاڑیاں استعمال نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے مال مقدمہ کی گاڑیاں استعمال کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی تو ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم عدالت میں پیش ہوئے۔

جج نے استفسار کیا کہ آپ جو چیزیں تحویل میں لیتے ہیں ان کا کیا کرتے ہیں یا خود چلاتے رہے ہیں؟، کمپنی کے ریکارڈ کے مطابق نیب حکام ملزمان کی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے جواب دیا کہ ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے گاڑی استعمال کی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا قانون نیب اجازت دیتا ہے کہ ملزمان کی گاڑیاں استعمال کریں؟۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسا نہیں ہو گا۔ فاضل جج نے متنبہ کیا کہ آئندہ ایسا کسی صورت نہ ہو۔

ڈی جی نیب نے جواب دیا کہ کھڑی کھڑی 40 سے 50 گاڑیاں خراب ہو چکی ہیں، استعمال کے دوران گاڑی کے ٹائر یا انجن خراب نہیں ہوتے اس لیے گاڑیاں استعمال کرتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ اگر گاڑیاں باہر جائیں اور ان کا ایکسیڈنٹ ہوجائے تو کیا ہوگا، پھر آپ پر ایک اور مقدمہ درج ہو جائے گا، نیب والے عدالت کے تھوڑے کہے کو زیادہ جانیں۔

عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔