پی ٹی آئی حکومت کو کراچی والوں کے معاشی معاملات کا ادراک نہیں ترجمان سندھ حکومت

یہ کیسی حکومت ہے جو کاروباری اور شہری طبقہ کی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ کر رہی ہے، مرتضیٰ وہاب

ہمیں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر سخت تشویش ہے، مرتضیٰ وہاب فوٹو: فائل

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کو کراچی والوں کے معاشی معاملات کا ادراک نہیں۔

وفاقی حکومت کے مجوزہ کراچی پیکج اور بجلی کے نرخوں میں اضافے پر ترجمان سندھ حکومت و مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کے قول فعل میں بڑا تضاد ہے یہ فرشتے کہتے کچھ اور کرتے کچھ اور ہیں ان کے بارے میں ملکی عوام اچھی طرح جان چکے ہیں، کراچی کے شہریوں کو عمران خان نیازی کی طرف سے اعلان کردہ 162 روپے کی ترقیاتی پیکیج کا انتظار ہے نجانے یہ 162 ارب روپے کہاں رہ گئے ؟ پہلے اعلان پر عمل نہیں ہوا اور پھر کراچی والوں کو مزید سہانے خواب دکھائے جارہے ہیں۔


مرتضی وہاب نے کہا کہ ایک طرف کراچی پیکیج کا اعلان کرنے جارہے ہیں تو دوسری جانب کراچی والوں کے لئے بجلی کی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ کرکے ان پر بجلی گرائی جارہی ہے شاید پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کو کراچی والوں کے معاشی معاملات کا ادراک نہیں ہے حالیہ بارشوں اور کورونا کی وجہ سے ایک عام آدمی سے لیکر تاجر و صنعتکار معاشی صورتحال سے دوچار ہے لیکن وفاقی حکومت کراچی کے لئے بجلی کے فی یونٹ نرخ میں 2 روپے 39 پیسے اضافہ کرنے جارہی ہے، یہ کیسی حکومت ہے جو کاروباری اور شہری طبقہ کی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ کر رہی ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں سمیت ملکی عوام آپ کی ناکام پالیسیوں سے تنگ آچُکے ہیں ہمیں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر سخت تشویش ہے، ایسے فیصلے کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، خدارا کراچی کے عوام پر رحم کرکے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔
Load Next Story

@media only screen and (min-width: 1024px) { div#google_ads_iframe_\/11952262\/express-sports-story-1_0__container__ { margin-bottom: 15px; } } @media only screen and (max-width: 600px) { .sidebar-social-icons.widget-spacing { display: none; } }