وزیراعظم کی کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی کامیابی کیلیے بااختیار نظام تشکیل دینے کی ہدایت

کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منتقسم ہونا رہا ہے، وزیر اعظم


ویب ڈیسک September 03, 2020
حالیہ بارشوں نے کراچی کےعوام کو مسائل سے دوچار کیا جس کا مکمل ادراک ہے، وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کراچی ٹرانسفارمیشن منصوبے کی کامیابی کے لیے بااختیار اور موثر نظام تشکیل دیا جائے۔

اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت "کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اسد عمر، شبلی فراز،امین الحق، علی زیدی اور چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل شریک تھے، اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مسائل درپیش ہیں، بدقسمتی سے ماضی میں ان مسائل کے مستقل بنیادوں پر حل کو نظر انداز کیا جاتا رہا، حالیہ بارشوں نے کراچی کےعوام کو مسائل سے دوچار کیا جس کا وفاقی حکومت کو مکمل ادراک ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ انتظامی اختیارات کا منتقسم ہونا رہا ہے، واٹر سپلائی اسکیم، سیوریج ٹریٹمنٹ اینڈ ڈسپوزل، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلق اختیارات ایڈمنسٹریٹر لوکل گورنمنٹ کو تفویض کیے جائیں، کراچی ٹرانسفارمیشن منصوبے کی کامیابی کےلیے بااختیار موثر نظام تشکیل دیا جائے، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت مختلف منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز میں عمل درآمد یقینی بنایاجائے۔

وزیراعظم کے دورہ کراچی کا شیڈول کا تبدیل

دوسری جانب وزیراعظم کے دورہ کراچی کا شیڈول بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور اب وہ ہفتے کے روز کراچی کا دورہ کریں گے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان شہر قائد کی روشنیاں اور رونقیں بحال کرنے کے پختہ عزم پر کاربند ہیں۔ وزیراعظم پورے پاکستان کو یکساں انداز میں ترقی دینے کے لئے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم کراچی میں عوام کیلئےخصوصی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ کراچی کی ترقی پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔کراچی پاکستان کا معاشی دل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں