تحفظ عزاداری کونسل پنجاب کے نائب صدر علامہ ناصرعباس قاتلانہ حملے میں جاں بحق

نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے علامہ ناصر عباس ملتانی کی گاڑی کو ایف سی کالج کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا۔


ویب ڈیسک December 16, 2013
موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے علامہ ناصر عباس ملتانی کی گاڑی کو ایف سی کالج کے قریب فائرنگ کا نشانھ بنایا۔ فوٹو: اسکرین گریب

مجلس وحدت المسلمین کے رہنما اور تحفظ عزاداری کونسل پنجاب کے نائب صدر علامہ ناصر عباس ملتانی لاہور میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے علامہ ناصر عباس ملتانی کی گاڑی کو ایف سی کالج کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے، علامہ ناصرعباس ملتانی کو فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت گاڑی میں ناصر عباس کا ڈرائیور منور بھی موجود تھا جو کہ فوری طور پر گاڑی کو بھگا کر اسپتال لے گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

علامہ ناصر عباس کی قتل کی خبرسن کران کے عزیز اوقارب ،دوست اور مجلس وحدت المسلمین کے رہنما اور کارکنان شيخ زید اسپتال پہنچ گئے جہاں پر انہوں نے شدید نعرے بازی کی جس کے بعد مشتعل کارکنان پوسٹ مارٹم کروائے بغیر لاش کو گورنر ہاؤس لے کر پہنچ گئے۔ پولیس نے کارکنوں کو روکنے کی کوشش لیکن کارکنان لاش سٹریچر پر رکھ کر پیدل گورنر ہاؤس پہنچے اور وہاں دھرنا دے دیا۔ کارکنان کاکہناہے کہ جب تک وزیر قانون رانا ثنااللہ کو برطرف اور قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا اس وقت تک دھرنا جاری رہے گا۔

تحفظ عزاداری کونسل نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے اور حکومت نسے فوری طور پر علامہ ناصرعباس ملتانی کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف، اہلسنت والجماعت اور مجلس وحدت المسلمین نے بھی علامہ ناصر عباس ملتانی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں