نیوزی لینڈ سے 6 ہزار مویشیوں کو لے جانے والا بحری جہاز ڈوب گیا

بحری جہاز میں عملے کے 43 ارکان موجود تھے جن میں سے صرف کو بچایا جا سکا ہے باقی لاپتہ ہیں

جاپانی کوسٹ گارڈ نے ڈوبنے والے جہاز کے عملے کے ایک رکن کوبچالیا، فوٹو : رائٹرز

نیوزی لینڈ سے 6 ہزارمویشیوں کو لے جانے والا بحری جہاز جاپان کے ایک جزیرے میں ڈوب گیا جس کے نتیجے میں عملے کے 40 ارکان لاپتہ ہوگئے جب کہ صرف ایک شخص کو بحفاظت نکالا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوب مغربی جاپان کے جزیرے امامی اوشیما میں 6 ہزار مویشیوں سے لدا بحری جہاز طوفان میساک کی تند و تیز ہواؤں کے تھپیڑوں میں پھنس گیا، کافی دیر طوفان کے مقابلے کے نتیجے میں جہاز کا ایک انجن خراب ہوگیا جس کی وجہ سے وہ سمندر میں ڈوبتا چلا گیا۔


جاپان کے کوسٹ گارڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اوشیما کے ساحلی علاقے سے ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی تھی جس پر کوسٹ گارڈ کی 3 کشتیوں، 4 جہاز اور 2 غوطہ خوروں نے امدادی کاموں کا آغاز کیا، تاحال عملے کے 45 سالہ آفیسر فلپائنی نژاد ایڈواروڈو کو بچایا جا سکا ہے جب کہ کچھ مویشیوں کی لاشیں بھی نکالی گئی ہیں۔

بحری جہاز میں عملے میں 43 افراد سوار تھے جن میں سے 39 فلپائنی شہری تھے جب کہ 2 کا تعلق نیوزی لینڈ اور دیگر 2 آسٹریلیا سے تھے، اب تک صرف ایک رکن کو بچایا جا سکا ہے اور دو کی لاشیں ملی ہیں جب کہ باقی ماندہ لاپتہ ہیں۔
Load Next Story