کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش

سب سے زیادہ بارش گلشن حدید اور صدر میں ریکارڈ ہوئی


Staff Reporter September 04, 2020
سب سے زیادہ بارش گلشن حدید اور صدر میں ریکارڈ ہوئی (فوٹو، فائل)

شہر قائد میں جمعہ کی شام کو مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی، سب سے زیادہ بارش گلشن حدید اور صدر میں ایک ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

جمعہ کی شام کاٹھور اور نوری آباد میں تیز بارش کے بعد شہر کے مضافاتی علاقوں سپرہائی وے، گلشن حدید، بلدیہ ٹاؤن اور سعدی ٹاؤن میں ہلکی بارش ہوئی بعد ازاں شہر کے مختلف علاقوں صدر، گرومندر، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد سمیت کچھ علاقوں میں ہلکی بارش، بوندا باندی اور پھوار ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید اور صدر میں ایک ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش ملی میٹر سے کم رہی۔ غیر سرکاری ویدر اسٹیشن کے مطابق گلشن حدید میں 5 ملی میٹر، نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد میں3 ملی میٹر جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں 2.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لوکل ڈیولمپنٹ کے ساتھ دیہی سندھ میں موجود مون سون کے اثرات بارش کا سبب بنے۔ جمعہ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.6 ڈگری جبکہ کم سے کم 27.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 85 جبکہ شام کو 75 فیصد رہا۔

سمندر کی جنوب مغربی سمت سے ہواؤں کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔ آج (ہفتے) کو شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور مرطوب رہنے کی توقع جبکہ رات اور صبح کے وقت بوندا باندی کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں