پاکستان میں مقیم نوری ویزا ہولڈر کی بھارت واپسی کا شیڈول تبدیل

پہلے مرحلے میں 363 نوری ویزا ہولڈر اور 37 بھارتی شہریوں کو واپس بھیجا جائے گا

کورونا وبا کی وجہ سے نوری ویزا کے حامل افراد بھارت نہیں جاسکے تھے فوٹو: فائل

PESHAWAR:
پاکستان میں مقیم نوری ویزا ہولڈر کی بھارت واپسی کا شیڈول تبدیل ہوگیا ہے اور اب ان کی واپسی 15 ستمبر کو ہوگی۔

کورونا وائرس اور پاک بھارت سرحد بند ہونے کی وجہ سے پاکستان میں مقیم ایسے پاکستانی شہریوں کی 15 ستمبر کو بھارت واپسی کا امکان ہے جو طویل مدتی ویزے پر بھارت میں مقیم ہیں اور پانچ ماہ قبل نوری ویزا پر واپس پاکستان آئے تھے۔


سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان میں مقیم نوری ویزا کے حامل پاکستانیوں اور ان کے ساتھ رہنے والے 37 بھارتی شہریوں کو 15 ستمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت بھیجا جائے گا۔ ان افراد کی 7 ستمبر کو واپسی کا شیڈول تھا تاہم گزشتہ روز شیڈول تبدیل کردیا گیا اور اب ان کی واپسی 15 ستمبر کوہوگی۔

نوری ویزا کے حامل ایسے پاکستانی شہری ہیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر پاکستان چھوڑ چکے ہیں اور اب طویل مدتی ویزے پر بھارت میں مقیم ہیں تاہم ان کو ابھی تک بھارتی شہریت نہیں مل سکی ہے۔ ایسے افراد کی تعداد ایک ہزار کے قریب ہے ،پہلے مرحلے میں 400 لوگ واپس بھارت جائیں گے ان میں 363 پاکستانی اور 37 بھارتی ہیں۔

نوری ویزا کے حامل افراد مارچ میں پاکستان آئے تھے مگر کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھر واپس نہیں جاسکے تھے۔ ان میں زیادہ تر ہندو خاندان شامل ہیں تاہم ایسے مسلمان خواتین بھی ہیں جن کی شادی انڈیا میں ہوئی ہے۔
Load Next Story