جناح اسپتال کی لفٹ خراب ضعیف مریضہ کو کاندھوں پر لے جانے کی ویڈیو وائرل

اسپتال کی عمارت زیر آب آنے سے بیشتر لفٹس بند ہوگئی تھیں، ڈاکٹر سیمی جمالی


Staff Reporter September 05, 2020
عمارت کا لفٹ خراب ہونے کے باعث مریضوں اور تیمار داروں کو شدید مسائل کا سامنا ہے(فوٹو، اسکرین شاٹ)

جناح اسپتال کراچی کی پرانی او پی ڈی بلڈنگ کی مرکزی لفٹ خراب ہوگئی ہے جس کے باعث مریضوں اور تیمارداروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ہفتے کو ایک ضعیف خاتون مریضہ کے تیمارداروں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی جو وائرل ہوگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لفٹ کی خرابی کی وجہ سے ضعیف خاتون کے بیڈ کو چار افراد نے اٹھا رکھا ہے، ایک شخص نے آکسیجن سلینڈر اٹھایا ہوا جب کہ اور پانچ افراد بیڈ کو سیڑھیوں سے اٹھا کر اوپر لے کر جارہے ہیں۔

ویڈیو بنانے والے کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یہ دیکھیں یہ جناح اسپتال ہے جس کی لفٹ خراب ہے اور بیچاری بزرگ مریضہ کو سیڑھیوں سے اٹھا کر لے جایا جار ہا ہے، اس ویڈیو کو شیئر کریں اور اس کے خلاف حکومت سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ سخت ایکشن لیں اور اس کو ٹھیک کرائیں۔

واضح رہے کہ اس عمارت میں ہڈی و جوڑ سمیت کئی وارڈ ہیں جہاں درجنوں مریض داخل ہیں، جناح اسپتال کی اولڈ بلڈنگ میں مختلف امراض کے آپریشن تھیٹرز، آئی سی یو، مختلف وارڈز اور او پی ڈیز واقع ہیں۔ عمارت میں آرتھوپیڈک وارڈ 14 اور 17 اور آئی سی یو واقع ہیں۔

اسپیشل وارڈ نمبر دو اور تین بھی جناح اسپتال کی اسی پرانی بلڈنگ میں قائم ہیں۔اسپیشل وارڈ نمبر 21 اور ای این ٹی وارڈ 15 بھی اسی عمارت میں ہیں۔ آپریشن تھیٹر اور دیگر اہم او پی ڈیز بھی اسی عمارت میں قائم ہیں۔

جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق حالیہ بارشوں میں جناح اسپتال کے مختلف شعبوں میں پانی بھر گیا تھا، جس سے بیشتر لفٹس بھی زیر آب آنے کی وجہ سے بند ہوگئی تھیں، لفٹس کی مرمت کا کام جاری ہے جلد ٹھیک ہوجائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں