فتح کا ترنوالہ منہ سے گرنے پر کینگروز پریشان

پہلے میچ میں 2 رنز سے سرخرو انگلش ٹیم آج دوسری جیت کیلیے پْرعزم


Sports Desk September 06, 2020
پہلے میچ میں 2 رنز سے سرخرو انگلش ٹیم آج دوسری جیت کیلیے پْرعزم۔ فوٹو: اے ایف پی

فتح کا ترنوالہ منہ سے گرنے پر کینگروز پریشان ہوگئے تاہم سیریز میں واپسی کیلیے کمزور مڈل آرڈر کو توانا کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کا دوسرا ٹوئنٹی 20 میچ ساؤتھمپٹن میں اسی پچ پر کھیلا جائے گا جہاں جمعے کے روزکینگروز کو اعصاب شکن معرکے میں 2 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

163 رنزکے تعاقب میں ڈیوڈ اور فنچ نے ٹیم کو 98 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، دونوں نے بالترتیب 58 اور 46 رنز اسکور کیے،اسٹار بیٹسمین اسمتھ کے صرف 18 رنز پر آؤٹ ہونے سے یکدم کینگرو بیٹنگ لائن آندھی کی زد میں آگئی، 14 بالز میں 9 رنز کے دوران 4 وکٹیں گرگئیں، سیکنڈ لاسٹ اوور میں کرس جورڈن نے صرف 4 رنز دیے جس کی وجہ سے مہمان سائیڈ کو آخری اوور میں 15 رنز جبکہ لاسٹ بال پر 5 رنز کی ضرورت تھی،اوور کی پہلی ہی گیند پر چھکا جڑنے والے اسٹوئنس آخر میں فتح کیلیے سکسر یا مقابلہ برابر کرنے کیلیے چوکا نہ جڑ پائے، ٹیم کو 2 رنز سے مات ہوگئی۔

دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو اپنی مڈل آرڈر بیٹنگ مستحکم کرنے کا چیلنج درپیش ہے، جنوری 2019 سے اس کا 5 سے 7 پوزیشن کے دوران اسٹرائیک ریٹ ٹاپ 10 ٹی 20 ممالک میں سب سے کم 111.29 رہا، مارنس لبوشین، میتھیو ویڈ یا جوش فلپ میں سے کسی کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب میزبان الیون میں کسی بھی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے، میلان نے پہلے میچ میں ففٹی اسکور کی،اس طرح اب ٹی 20 انٹرنیشنل میں 500 سے زائد رنز بنانے والے دنیا بھر کے بیٹسمینوں میں ان کی ایوریج (51.58)سب سے زیادہ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔