کسی کو جبراً درآمدی اسلام نافذ نہیں کرنے دینگے دہشت گردی نے ہماری تہذیب کو نقصان پہنچایا بلاول بھٹو

بلاول بھٹوموہٹاپیلس میںسندھ ثقافتی میلے کی تقریب میں کمپئرنگ کررہے ہیں،بختاوربھی انکے ہمراہ اسٹیج پر موجود ہیں۔


Staff Reporter December 16, 2013
بلاول بھٹوموہٹاپیلس میںسندھ ثقافتی میلے کی تقریب میں کمپئرنگ کررہے ہیں،بختاوربھی انکے ہمراہ اسٹیج پر موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹوزرداری نے سندھ کی تہذیب، ثقافت اورورثے کو محفوظ بنانے اوراسے اجاگرکرنے کے لیے آئندہ برس فروری کے مہینے میں سندھ فیسٹیول کے انعقادکا اعلان کردیا ہے۔

یہ میگا ایونٹ 2ہفتے تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول کے تحت صوبے بھرمیں 15ایونٹس منعقدکیے جائیںگے جن میںپاکستان سمیت دنیا بھرسے فنکار، ادیب، شاعر، موسیقار، گلوکار، کھلاڑی سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے نامور افراد اورعوام شرکت کریں گے۔ بلاول بھٹوزرداری نے اعلان کیا ہے کہ اس فیسٹیول میں وزیراعظم نوازشریف، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیاجائے گا۔ انھوںنے کہا کہ اسلام امن وآشتی کامذہب ہے۔ طالبانائزیشن سے اسلام کاکوئی تعلق نہیںہے۔ ہم کسی کو جبری طورپر اپنے ملک میںدرآمدی اسلام نافذ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ وہ اتوارکی شب مہتاپیلس میں سندھ فیسٹیول کے انعقادکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری انوکھے انداز میں اس تقریب میں شرکت کے لیے اسٹیج پرآئے۔

اسٹیج پر ایک بڑی اسکرین نصب تھی جس میںاس فیسٹیول کے حوالے سے جھلکیاں دکھائی جارہی تھیں ۔ انھوںنے اسٹیج پراپنی بہن بختاوربھٹو زرداری کومدعو کیااور شکریہ اداکیا جو 3گھنٹے کے مختصر نوٹس پر اس تقریب میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ گئیں۔ بلاول بھٹوزرداری اور بختاوربھٹو زرداری نے مل کر اس فیسٹیول کے حوالے سے تقریب کے شرکاکو آگاہ کیا ۔ فیسٹیول کی تفصیلات بتاتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ ایک قدیم ترین دھرتی ہے۔ اسے باب الاسلام ہونے کااعزازبھی حاصل ہے اوریہ بھی کہ یہاںسے محمد بن قاسم گزرے اورہزاروں لوگوں کو مسلمان کیا۔ اس دھرتی کویہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس کی اسمبلی نے سب سے پہلے پاکستان کے قیام کی قرارداد منظور کی۔ اس دھرتی میں تاریخی ورثہ موئن جودڑو بھی موجودہے۔ انھوںنے کہا کہ یہ دھرتی اپنی ثقافت، تہذیب اور ورثے کی وجہ سے دنیابھر میں منفرد مقام رکھتی ہے۔

 photo 1_zps50121708.jpg

ہمیں یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ مجھ سمیت آپ سب اس دھرتی کے بیٹے ہیں اور ہمارا تعلق پاکستان سے ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی نے ہماری تہذیب اور ثقافت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سابق آمر ضیاالحق نے نہ صرف جمہوریت کو نقصان پہنچایا بلکہ انھی کے دور میں فرقہ واریت پروان چڑھی جس سے مذہب اور ملک کی تہذیب وثقافت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ اسلام میں خواتین کے لیے تنگ نظری نہیں ہے۔ حضرت عائشہؓ اور حضرت بی بی زینبؓ نے اسلام کی ترویج میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے، ملک کی تہذیب وتمدن، ثقافت اور ورثے کی حفاظت کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور اپنے ملک کو محفوظ بنانا ہوگا۔ سندھ فیسٹیول ایک تاریخ ساز میگاایونٹ ہوگا جس پر ایک ارب 80 کروڑ روپے کے اخراجات آئیںگے۔ اس ایونٹ میں حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوگا بلکہ اس فیسٹیول سے سندھ حکومت اور عوام کو فائدہ ہوگا۔ فیسٹیول کے اخراجات کے لیے ہیریٹیج (ورثہ) کارڈ کا اجراکیا جائے گا اور کارڈ خریدنے والوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے بڑے انعامات دیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے یوتھ فیسٹیول پر 2ارب روپے خرچ کیے تھے،تاہم ہم اسپانسرز کی مدد سے یہ فیسٹیول منعقد کریں گے۔ اس کی افتتاحی تقریب موئن جودڑوجبکہ اختتامی تقریب کینجھرجھیل پر منعقد ہوگی۔ بختاور بھٹو زرداری نے فیسٹیول کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس میںفلم فیسٹیول، گدھا گاڑی ریس، سندھ کرکٹ ٹورنامنٹ، کیٹل شو، میوزک فیسٹیول، محفل سماع، کراچی لٹریچرفیسٹیول، وائس آف پاکستان، فوڈفیسٹیول، چلڈرن فیسٹیول، سندھ لینگویج انٹرنیشنل کانفرنس، عالمی مشاعرہ، گہرے سمندرمیں ماہی گیری فیسٹیول سمیت دیگرایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔ بختاوربھٹو نے کہا کہ ان فیسٹیولز میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا کہ فیسٹیول کے موقع پر کراچی میں عالمی بسنت میلہ منایا جائے گاجس میں پاکستان سمیت دنیابھر سے لوگ شرکت کریں گے اور یہ میلہ ساحل سمندر پر ہوگا۔ تقریب سے آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، وسیم اکرم، فخرعالم اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہاکہ اس فیسٹیول سے نہ صرف صوبے کی ثقافت اجاگر ہوگی بلکہ امن وامان کے قیام میں بھی یہ فیسٹیول معاون ومددگار ثابت ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں