بھارت کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر آگیا

ایک ہی دن میں 90 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق، مجموعی تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کرگئی

بھارت میں مسلسل پانچ دنوں سے روزانہ 1 ہزار اموات ہورہی ہیں(فوٹو، اے ایف پی)

کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کرنے کے بعد بھارت وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں ایک دن کے اندر 90ہزار 802 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ اس سے قبل بھارت متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے برازیل سے 70 ہزار پیچھے تھا تاہم ایک دن ہی کے دوران نوے ہزار سے زائد مریضوں کی کی تشخیص کے بعد بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا ہے۔


بھارت کی وزارت تعلیم کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 71 ہزار 642 ہوچکی ہے۔ گزشتہ پانچ روز سے بھارت میں مسلسل کورونا وبا سے 1 ہزار ہلاکتیں رپورٹ ہورہی ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث بھارت کو شدید اقتصادی و معاشی مسائل کا بھی سامنا ہے۔ گزشتہ دنوں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق بھارت کی معاشی شرحِ نمو میں 23 فیص سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ برس بھاری اکثریت سے انتخابات جینے والے وزیر اعظم مودی اور ان کی جماعت بی جے پی کو وبا کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں شدید دباؤ کا سامنا ہے۔
Load Next Story