کراچی میں قتل ننھی مروہ سے زیادتی کی تصدیق

پولیس نے 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کا نوٹس لے لیا


ویب ڈیسک September 07, 2020
کم سن بچی کی لاش ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ملی تھی(فوٹو، فائل)

عیسی نگری کے علاقے میں خالی پلاٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی 5 سالہ بچی مروہ سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم ایل او جناح اسپتال ڈاکٹر زکیہ نے 5 سالہ مروہ سے زیادتی کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بچی کو سر پر پتھر مار کر قتل کیا گیا۔ لاش خراب ہونے کے بعد پھول گئی تھی۔ بچی کے جسم میں جھلسنے کے کوئی نشان موجود نہیں بچی کو زیادتی کے بعد وزنی چیز سر پر مار کر قتل کیا۔

درایں اثنا پولیس نے 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ اور گھروں کی تلاشی شروع کردی گئی ہے۔ زیر حراست مشتبہ افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ لیا جائے گا۔

بچی کے والد کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، بچی کے قاتل کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور اسے عبرت کا نشانہ بنایا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: کراچی میں خالی پلاٹ سے کمسن بچی کی جلی ہوئی لاش برآمد، علاقہ مکینوں کا احتجاج

دوسری جانب مقتول بچی کے لواحقین سے تعزیت کے لیے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی سمیت صوبائی اسمبلی کے ارکان بھی پرانی سبزی منڈی کے علاقے میں پہنچے۔

بلاول بھٹو زرداری کا نوٹس

پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کمسن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردینے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ بچی سے زیادتی اور پھر اس معصوم کا قتل انسانیت سوز واقعہ ہے۔ سندھ پولیس مجرم تک پہنچے اور اسے کیفرکردار تک پہنچائے، کیس کی تفتیش کو ہنگامی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔

واضح رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب عیسی نگری کے علاقے میں ایک خالی پلاٹ سے ایک بچی کی لاش ملی تھی جس کی شناخت مروہ کے نام سے ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں