مہمند میں سنگ مر مر کی کان بیٹھنے سے 10 مزدور جاں بحق مزید ہلاکتوں کا خدشہ

پاک آرمی، ایف سی، پولیس اور ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف

حادثہ تودہ گرنے سے پیش آیا تاہم حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے، معاون خصوصی برائے معدنیات ۔ فوٹو: فائل

تحصیل صافی میں سنگ مر مر کی کان بیٹھنے سے 10 مزدور دب کر جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہوگئے۔

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں سنگ مر مر کی کان اچانک بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں دب کر 10 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔




ذرائع کے مطابق سنگ مر مر کا ملبہ بہت زیادہ ہے اور ہیوی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہے تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اندھیرے میں ہیوی سرچ لائٹس کی مدد سے آپریشن کیا جارہا ہے جس میں پاک آرمی، ایف سی، پولیس اور ریسکیو ادارے حصہ لے رہے ہیں۔



دوسری جانب معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ابتدائی معلومات کی بنیاد پر حادثہ تودہ گرنے سے پیش آیا تاہم حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
Load Next Story