لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق 4 زخمی

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار، واقعہ کی رپورٹ طلب

گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ریسکیو ذرائع۔ فوٹو : فائل

ٹیکسالی مارکیٹ میں مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی ٹیکسالی مارکیٹ میں 3 منزلہ مکان کی خستہ حال دیوار ایک منزلہ مکان کی چھت پر آگری جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد اہل محلہ اور ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا تاہم گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچوں سمیت، خواتین اور مرد شامل ہیں جن کی شناخت 50 سالہ جاوید، 2 سالہ بابو اشتیاق، 60 سالہ جاوید، 16 سالہ آمنہ، 7 سالہ حسن اور 56 سالہ ضیغم کے نام سے ہوئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کے دادا کا کہنا ہے کہ تین منزلہ مکان کے مالک کو کئی مرتبہ کہا خستہ حال دیوار ٹھیک کرائیں مگر کسی نے نہ سنی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے ٹیکسالی کے قریب چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
Load Next Story