وزیراعظم کی صوابدید ہے کہ وہ کس کو لگاتے ہیں اور کس کو ہٹاتے ہیں شبلی فراز

ایف اے ٹی ایف قوانین کی مخالفت کرنے والے ذاتی مفادات کا تحفظ کررہے ہیں، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک September 08, 2020
حکومت چلانی ہے تو سخت فیصلے کرنا ہوں گے، شبلی فراز فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی صوابدید ہے کہ وہ کس کو لگاتے ہیں اور کس کو ہٹاتے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ کے دوران وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ اجلاس کے دوران سندھ سے متعلق بات چیت ہوئی، ملک بھر میں سیلاب کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا ، فہمیدہ مرزا نے بارشوں سے متاثرہ اندرون سندھ کی صورتحال سے آگاہ کیا، ہم سمجھتے تھے صرف کراچی کا یہ حال ہے لیکن اندرون سندھ کے حالات بھی ابتر ہیں، خیبر پختونخوا میں بارشوں سے زیادہ نقصانات نہیں ہوئے، سندھ کے عوام صوبائی حکومت کی وجہ سے مشکل میں ہیں، وفاق اندرون سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام کرے گا، این ڈی ایم اے کی قیادت میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم غریب طبقے کو سہولیات دینے کےلیے پرعزم ہیں، انہوں نےکل اسلام آباد میں ماڈل پناہ گاہ کادورہ کیا،ان کاوژن ہے کہ ماڈل پناہ گاہ کے تصور کو ملک بھر میں وسیع کیا جائے، کوئی شک نہیں مہنگائی میں اضافہ ہواہے، جس طرح ہم نے کورونا کو شکست دی اس طرح مہنگائی کو بھی شکست دیں گے، بھارت میں کورونا کیسز میں تیزی سےاضافہ ہورہا ہے، حکومت کی بہترین حکمت عملی کے باعث کورونا وبا پر قابو پایا گیا، کورونا کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین بالکل متاثر نہیں ہوئی، سندھ حکومت کی بات مانتے تو آج ہمارے بھی بھارت جیسے حالات ہوتے، پیپلز پارٹی کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ 10 پرسنٹ سے اوپر کا حساب کتاب سمجھ ہی نہیں سکتے۔

آئی جی پنجاب کی تبدیلی سے متعلق شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں، وزیر اعظم کی صوابدید ہے کہ وہ کس کو لگاتے ہیں اور کس کو ہٹاتے ہیں۔ بات ماتحت افسران کی نہیں کام کرنے کی ہے، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) 30 سال حکومت میں رہی، (ن) لیگ نے ایسا کلچر کو فروغ دیا جہاں افسران کی کارکردگی کے بجائے وفاداری کو دیکھا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تبدیلی اصلاحات کا ایک عمل ہے، بہت سے لوگ اس عمل کو روکنے کے لیے حائل ہوتے ہیں، مفاد پرست ٹولے کی جڑیں پھیلی ہوئی ہیں، یہ ایک مسلسل جنگ ہے، ہم ساری مشکلات کو عبور کرکے مفاد پرست ٹولے کو شکست دیں گے، حکومت چلانی ہے تو سخت فیصلے کرنا ہوں گے، یہ تو ہوگا کہ جو پرفارم نہیں کرے گا وہ تبدیل ہوگا، پہلے ہر وقت جہانگیر ترین کا نام لیا جاتا تھا، ہماری حکومت میں جہانگیر ترین کے خلاف انکوائری کرائی۔

شبلی فراز نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف قوانین کی مخالفت کرنے والے ذاتی مفادات کا تحفظ کررہے ہیں، مجھے یقین ہیں اپوزیشن جماعتوں میں بیٹھے لوگ اس قانون سازی کی اہمیت کو سمجھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |