جنگیں اسلحہ سے بڑھ کرجذبوں سے جیتی جاتی ہیں

1965 کی جنگ میں جہاں عوام فوج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کررہے تھے وہیں زخمیوں کو خون دینے والوں کی بھی لائنیں تھیں


آصف محمود September 06, 2020
پاک فوج پوری قوم کا فخر ہے، ریٹائرڈ فوجی افسران فوٹو: فائل

پاک فوج کے سابق افسروں کا کہنا ہے جنگیں ہتھیاروں سے بڑھ کرجذبوں سے جیتی جاتی ہیں، 1965 کی جنگ میں پاک فوج اورعوام کا جذبہ دیدنی تھا، مکار دشمن جو لاہور پر قبضے کا خواب لے کر آیا تھا سے اسے پاکستان کی بہادرافواج اورجفاکش عوام نے مل کر پسپا کیا تھا، آج بھی ملک کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، ملک کے اندر سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ملک کے دفاع کے لئے فوج ،سیاستدان اورعوام اکھٹے ہیں۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کرنل ریٹائرڈ نصراللہ کا کہنا تھا وہ سیاچن اور کارگل کی جنگ میں حصہ لے چکے ہیں، 6 ستمبر 1965 کو مکار دشمن نے رات کے اندھیرے میں چھپ کر وار کیا لیکن اسے منہ کی کھانا پڑی تھی، سیالکوٹ اور کشمیر کے محاذ پر دشمن نے سخت حملہ کیا مگر فوج اور عوام نے مل کر اسے ناکام بنایا تھا،2011 میں ان کا بیٹا بھی دہشت گردوں کیخلف آپریشن کے دوران شہید ہوگیا تھا، ہم لوگوں نے اس ملک کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

میجر ریٹائرڈ جمیل کیانی کا کہنا تھا پاک فوج پوری قوم کا فخر ہے، 1965 کی جنگ میں فرنٹیرفورس ان کی یونٹ تھی جس نے لاہور میں دشمن کی فوج کو جی ٹی روڈ پر ہی روک لیاتھا۔ ہم اور ہماری یونٹ نے دشمن کا حملہ پسپا کردیا تھا۔ آج ملک کے اندر سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن دشمن کے مقابلے میں فوج ، سیاستدان اور عوام متحد ہیں۔ 1965 کی جنگ میں جہاں عوام فوج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کررہے تھے وہیں زخمی ہونیوالے فوجیوں کو خون دینے لے لئے بھی لمبی لائنیں نظرآتی تھیں۔



پاکستان ایکس آرمی سروس مین سوسائٹی لاہورکے صدرمیجر ریٹائرڈ وسیم محمود بٹ نے بتایا 1965 میں دشمن لاہورپرقبضے کا خواب لیکرپاکستان حملہ آورہوا تھا اورجم خانہ کلب میں چائے پینا چاہتا تھالیکن ہماری افواج نے انہیں ایسی چائے پلائی جسے وہ آج تک نہیں بھولا ہے ، وہ ایسی ہی چائے تھی جیسی ہم ابھی نندن کوپلائی تھی۔ اس جنگ میں پاکستان کے بزرگ ، نوجوان اوربچے سب ایک سیسہ پلائی دیواربن گئے تھے۔

میجر ریٹائر وسیم بٹ کے والد اور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ محمود احمد بٹ نے کہا کہ انہوں نے ناصرف پاکستان بنتے اپنی آنکھوں سے دیکھا بلکہ وہ بھارت کے ساتھ لڑی گئی تمام جنگوں کے عینی شاہد بھی ہیں، اس جنگ میں فوج اورعوام کا مورال بہت بلندتھا، انہوں نے کہا پاک فوج نےاپنے سے کئی گنابڑی فوج کوشکست دیکرپوری دنیا کودکھادیا کہ جنگیں اسلحہ سے بڑھ کر جذبوں سے لڑی جاتی ہیں۔

1965 میں لڑی گئی پاک بھارت جنگ کے غازی جنرل ریٹائرڈ ہمایوں خان بنگش کہتے ہیں کہ 1965 کی جنگ میں ان کی یونٹ نے کشمیرکے علاقہ حاجی پیر کے مقام پرمحدود وسائل کے ساتھ سترہ دن تک دشمن کی فوج کا مقابلہ کیا اوران کے حملے کو پسپا کیاتھا۔ آج بھی قوم کا جذبہ 1965 سے کم نہیں ہے ، ملک کے دفاع کے لئے پوری قوم پاک افواج کے ساتھ ہیں اوراسی جذبے کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |