سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کالا قانون ہے الیکشن کمیشن اور اعلیٰ عدلیہ نوٹس لے ایم کیو ایم

سندھ حکومت کی جانب سے اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں جو آمرانہ دور حکومت میں بھی نہیں ہوئے، خواجہ اظہار الحق


ویب ڈیسک December 16, 2013
جب تک اس کالے قانون کو واپس نہیں لیا جاتا احتجاج جاری رہے گا، اراکین سندھ اسمبلی فوٹو؛ایکسپریس نیوز

متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کالا قانون ہے الیکشن کمیشن اور اعلیٰ عدلیہ اس کا نوٹس لے۔

سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی اجلاس کے بعد ایم کیو ایم صوبائی اسمبلی کے اراکین کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحق کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات سے قبل نتائج پر اثر ہونے کی کوشش کررہی ہے، حکومت واضح طور پر اپنی من مانی کرتے ہوئے انتخابات میں من پسند نتائج حاصل کرنے کےلئے مختلف بلدیاتی آرڈیننس کا اجرا کررہی ہے جو آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے چیف جیف الیکشن کمشنر اور اعلیٰ عدلیہ انتخابات سے قبل کی جانے والی اس دھاندلی کا نوٹس لیں۔

خواجہ اظہار الحق کا کہنا تھا کہ اس دھاندلی کی صورت میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج نہ صرف پورے انتخابی عمل کوسوالیہ نشان بنادیں گے بلکہ الیکشن کمیشن پر بھی عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا۔ چند بااثر افراد کی خواہش کے مطابق نتائج کو کسی صورت عمل پیرا نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی ایسے کسی قانون کی حمایت کریں گے جس میں اراکین صوبائی اسمبلی کا استحقاق مجروع کیا گیا ہوا۔ سندھ حکومت کی جانب سے اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں جو آمرانہ دور حکومت میں بھی نہیں ہوئے یہ جمہوریت میں آمریت کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم صوبائی حکومت کی جانب سے اس کالے قانون کے ذریعے سندھ کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتی ہے اور اس خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے سندھ اسمبلی سے کراچی پریس کلب تک پیدل مارچ کیا اور پریس کلب پہنچ کر سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ جب تک اس قانون کو واپس نہیں لیا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں