توشہ خانہ ریفرنس آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد نواز شریف اشتہاری قرار

سابق وزیراعظم نواز شریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری اور منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی طلب


ویب ڈیسک September 09, 2020

احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کردی جب کہ نواز شریف کو اشتہاری قرار دیدیا۔

احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی سربراہی میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بطور ملزم عدالت میں پیش ہوئے تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف پیش نہیں ہوئے جس پر جج اصغر علی نے کہا کہ پہلے نواز شریف کا کیس الگ کریں گے پھر دیگر پر فردجرم عائد کریں گے۔

آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد؛

سماعت کے دوران احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کرتے ہیں، جج اصغر علی نے فاروق ایچ نائیک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے چارج شیٹ پڑھنی ہے تو پڑھ لیں۔ اس موقع پر وکیل صفائی نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس اختیار ہوتا ہے کہ سمری کی منظوری دے، نیب نے اختیارات کے غلط استعمال کا غلط ریفرنس بنایا۔

آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کا صحت جرم سے انکار؛

عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے صحت جرم سے انکار کیا، یوسف رضا گیلانی خود روسٹرم پر آئے اور فرد جرم پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی رولز کے خلاف کوئی کام نہیں کیا، قانون کے مطابق جو سمری آئی اسے منظور کیا، اگر سمری غلط ہوتی تو سمری موو ہی نہ ہوتی۔

احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے کہا کہ قانون کے مطابق کاروائی گے بڑھانی ہے، ہم ابھی کیس کے میرٹس پر بات نہیں کر رہے کہ سمری کیسے آئی اور منظور ہوئی، یہ بات تو آپ ٹرائل کے دوران عدالت کو بتائیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اشتہاری قرار؛

سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت نے اشتہاری قرار دیا اور ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے، عدالت نے کہا کہ 7 روز میں نواز شریف کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات پیش کی جائیں جب کہ عدم پیشی پر جائیدادیں منجمند کی جائیں گی۔

عبدالغنی مجید، انور مجید پر بھی فرد جرم عائد؛

توشہ خانہ ریفرنس میں عدالت نے عبدالغنی مجید، انور مجید پر بھی فرد جرم عائد کی تاہم انہوں نے بھی صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے نیب گواہان وقار الحسن شاہ، زبیر صدیقی اور عمران ظفر کو 24 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |