انگوٹھوں کے نشان کو جواز بناکر وسط مدتی انتخابات کی سازش کی بو آرہی ہے چوہدری نثار

چیئرمین نادرا کی برطرفی انگوٹھوں کی تصدیق کے معاملے کے ساتھ جوڑنے سے اپوزیشن کا کیس مزید خراب ہوگا، وفاقی وزیر داخلہ

انگوٹھوں کی تصدیق کے معاملے پر اپوزیشن سے مذاکرات کے لئے تیار ہوں، چوہدری نثار فوٹو: ایکسپریس نیوز

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ انہیں انگوٹھوں کے نشان کو جواز بناکر وسط مدتی انتخابات کی سازش کی بو آرہی ہے۔


قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے اظہار خیال پر ردعمل میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چیرمین نادرا کو انگوٹھوں کی تصدیق کے باعث فارغ نہیں کیا گیا، دونوں معاملات کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں آپس میں ملا کر وسط مدتی انتخابات کی فضا بنانےکی سازش کی جارہی ہے، مڈٹرم الیکشن کو اس معاملے سے جوڑنے سے اپوزیشن کا کیس مزید خراب ہوگا۔

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ انگوٹھوں کی تصدیق کے معاملے پر اپوزیشن سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں، الیکشن کمیشن نے قبول کیا تو انگوٹھوں کی تصدیق اس قومی ادارے کے حوالے ہو گی نادرا کو نہیں، الیکشن کمیشن بتائے کہ کس کے خلاف مقدمہ درج کرنا ہے۔
Load Next Story