وزیراعظم کا موٹروے اجتماعی زیادتی اور مروہ قتل واقعات کا نوٹس

مہذب معاشروں میں ایسے واقعات انتہائی شرمناک ہیں، عمران خان کا مجرموں کو سخت سزائیں دلوانے کے عزم کا اظہار


ویب ڈیسک September 10, 2020
مہذب معاشروں میں ایسے واقعات انتہائی شرمناک ہیں، عمران خان کا مجرموں کو سخت سزائیں دلوانے کے عزم کا اظہار

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ننھی مروہ سے زیادتی و قتل جبکہ لاہور موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے افسوس ناک واقعات کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ملاقات کی جس میں سیاسی اور ملکی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ فیصل واوڈا نے کراچی میں ننھی مروا سے جنسی زیادتی و قتل جبکہ گزشتہ رات موٹروے پر خاتون کے ساتھ پیش آیا معاملہ اٹھایا۔

وزیراعظم عمران خان نے دونوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات انتہائی شرمناک ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی، 12 ملزمان گرفتار

فیصل واوڈا نے وزیراعظم سے زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کا قانون لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کرنے والے افراد کو پھانسی دے کر عبرت کا نشان بنائیں۔

وزیراعظم نے مجرمان کو سخت سزائیں دلوانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: کراچی میں خالی پلاٹ سے کمسن بچی کی جلی ہوئی لاش برآمد، علاقہ مکینوں کا احتجاج

لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے پرانسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے ۔ رستے میں گوجرانوالہ کی رہائشی خاتون کی کارکا پٹرول ختم ہوگیا اور وہ مدد کے لیے کھڑی ہوئیں تو دو مشکوک افراد خاتون کی جانب آئے اور گن پوائنٹ پر ان سے زیادتی کی۔ ڈاکوؤں نے خاتون سے ایک لاکھ روپے نقدی ، دو تولے طلائی زیورات، ایک عدد برسلیٹ، گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ اور 3 اے ٹی ایم کارڈز بھی چھین کر فرار ہوگئے۔

ادھر کراچی کے علاقے عیسی نگری میں 5 سالہ بچی مروہ کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔ ان دونوں واقعات نے معاشرے اور معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور شہریوں کی طرف سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں