امریکا کا رواں ماہ عراق سے 2200 فوجی نکالنے کا اعلان

نومبر تک افغانستان میں بھی امریکی فوجی دستوں کی تعداد کم ہو کر 4500 رہ جائے گی، کمانڈر امریکی سینٹرل کمانڈ

عراق میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم ہوکر 3 ہزار رہ جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکا نے عراق میں موجود فوجیوں کی تعداد میں مزید کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ کے آخر تک 2200 فوجیوں کو نکال لیا جائے گا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے عراق میں موجود اپنی فوج میں کمی کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق عراق میں موجود 2200 فوجیوں کو نکالے گی جس کے بعد عراق میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم ہوکر 3 ہزار رہ جائے گی۔

خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ اعادہ کیا تھا کہ وہ جلد از جلد عراق سے تمام فوجی واپس نکالنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔


بی بی سی کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی کمانڈر نے کہا ہے کہ امریکا کچھ ہی ہفتوں میں عراق سے اپنے ایک تہائی سے زیادہ فوجی نکال لے گا، باقی فوجی شدت پسند تنظیم نام نہاد دولتِ اسلامیہ کی باقیات کو ختم کرنے کے لیے عراقی سیکیورٹی فورسز سے تعاون کرتے رہیں گے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل فرینک میکینزی نے کہا کہ نومبر تک افغانستان میں بھی امریکی فوجی دستوں کی تعداد کم ہو کر 4500 رہ جائے گی۔

واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کی انتخابی مہم کے دوران امریکا کی نہ ختم ہونے والی جنگوں کو ختم کرنے کا عزم کیا تھا تاہم وہ اب تک اس میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے، لیکن اب ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ وہ عراق اور افغانستان سے امریکی فوجیوں کو نکال کر 2020 کے انتخابات میں اپنے اس اقدام کو وعدے کی تکمیل کے طور پر پیش کریں گے۔
Load Next Story