کراچی میں کوئی نوگو ایریا نہیں ایڈیشنل آئی جی

7ہزارنئی بھرتیاں کی جائینگی،جس علاقے میں بدامنی ہوگی پولیس کارروائی کریگی


Staff Reporter December 17, 2013
امن و امان کا جہاں بھی مسئلہ ہوگا پولیس وہاں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی ۔فوٹو:فائل

ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں اب کوئی نوگو ایریا نہیں ہے ۔

امن و امان کا جہاں بھی مسئلہ ہوگا پولیس وہاں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی ، پولیس میں 7 ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی ، یہ بات انھوں نے گزشتہ روز شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں اب کوئی نوگو ایریا نہیں ہے ، پورے شہر میں جہاں بھی امن و امان کا مسئلہ ہوگا ، پولیس وہاں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی ، لیاری میں بھی پولیس بھرپور کارروائی کررہی ہے ، افرادی قوت پر قابو پانے کے لیے پولیس میں 7 ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی ، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پولیس کو فیول کی فراہمی بھی جاری ہے ، قبل ازیں سینٹر میں ایگلیٹ کے 20 ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں 698 اہلکار پاس آؤٹ ہوئے جن میں سے 457 کا تعلق اینٹی انکروچمنٹ فورس جبکہ 241 کا تعلق سندھ پولیس سے تھا ، اہلکاروں میں 25 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کے شعبے میں مذکورہ سینٹر بہترین اور مستند ادارے کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی کارکردگی کی وجہ سے یہ ادارہ دیگرتربیتی اداروں کیلیے قائدانہ کردار ادا کررہا ہے ۔



پولیس اہلکاروں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں اور تمام سینئر پولیس افسران جوانوں کی فلاح وبہبود کیلیے ہر وقت حکومت سے رابطے میں ہیں حکومت بھی پولیس ٹریننگ میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کررہی ہے ، اس موقع پر کمانڈنٹ مقصود احمد نے سپاس نامہ پیش کیا اورکہا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف افسر اور جوان کے عزم و جذبے کو بہتر طور پر استعمال کرنے کے لیے تربیت انتہائی ضروری ہے ،موجودہ حالات میں امن و امان کا قیام اور دہشت گردی ایسے چیلنجز ہیں جس کے مقابلے میں پولیس افسران و جوان اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ڈھال ثابت ہوئے ہیں ،تقریب میں ایگلیٹ کورس بیسٹ اسٹوڈنٹ آر پی سی اختر علی ، فزیکل ٹریننگ میں آر پی سی سہیل احمد اور ویپن ٹریننگ میں آر پی سی شفقت حسین کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی دیے گئے،تقریب میں پولیس اہلکاروں نے تربیت کا عملی مظاہرہ بھی کیا ، اس موقع پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے حکام ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو احمد بخش ناریجو ، پولیس کے سینئر افسران اور دیگر مہمانان گرامی بھی موجود تھے ، قبل ازیں تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں