مسلم لیگن کے رہنما حمزہ شہباز میں کورونا وائرس کی تصدیق

علاج میں سستی یا لاپرواہی سےحمزہ شہباز کی صحت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے، مریم اورنگزیب

حمزہ شہباز گزشتہ تین روز سے شدید بخار میں مبتلا ہیں ، مریم اورنگزیب فوٹوفائل

DOHA, QATAR:
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حمزہ شہباز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان کی طبعیت جیل میں چند روز سے خراب تھی۔

حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو علاج کے لئے فوری اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ گزشتہ تین روز سے شدید بخار میں مبتلا ہیں۔ بگڑتی ہوئی صحت کو دیکھتے ہوئے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔


ترجمان مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا حمزہ شہباز کے علاج کی تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں۔ علاج میں سستی یا لاپرواہی سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی صحت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے۔ قوم اور پارٹی کارکنان سے حمزہ شہباز کی صحت کے لئے دعا کی اپیل ہے۔

حمزہ شہباز کے والد اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ میرے بیٹے حمزہ کو جیل میں کورونا ہوگیا ہے، حمزہ شہبازنے مشرف دورمیں نیب مقدمات کا ڈٹ کرمقابلہ کیا، حمزہ شہبازنیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کا جراتمندی و ثابت قدمی سے سامنا کر رہا ہے، میری آپ سب سے درخواست ہے کہ حمزہ کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا فرمائیں۔ جزاک اللہ خیر۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے فوراً اسپتال منتقل کیا جائے اور جلد سے جلد طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Load Next Story