شہدائے ڈھاکا علی گڑھ و قصبہ کالونی کی برسی منائی گئی

سندھ، پنجاب، بلوچستان، پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں اجتماعات، مرکزی تقریب کراچی میں ہوئی

متحدہ قومی موومنٹ کے تحت سانحہ قصبہ علی گڑھ اور سقوط مشرقی پاکستان کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی جارہی ہے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

سانحہ سقوط ڈھاکا ،سانحہ علی گڑھ اور قصبہ کالونی کے شہدا کی برسی متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

برسی کے سلسلے میں صوبہ سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایم کیو ایم کے دفاتر پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے، مرکزی اجتماع ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ہوا جس میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، انجینئر ناصر جمال، رابطہ کمیٹی کے اراکین، حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، شعبہ جات کے اراکین، کارکنان، ہمدردوں اور شہدا کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اجتماع میں بعد نماز ظہر تا عصر سانحہ علی گڑھ و قصبہ کالونی اور سانحہ سقوط ڈھاکا کے شہدا کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی کی گئی اور قرآنی آیات کا ورد کیا گیا۔




بعد ازاں حق پرست رکن سندھ اسمبلی عبد الحسیب نے سانحہ علی گڑھ و قصبہ کالونی اور سانحہ سقوط ڈھاکا کے شہدا کے لیے اجتماعی دعا کرائی جس میں شہدا کے بلند درجات، لواحقین کیلیے صبر جمیل، اسیر کارکنان کے بلند حوصلے اور جلد رہائی، ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے، حق پرستی کی جدوجہد کی کامیابی، بیماروں کی شفایابی، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام کے علاوہ قائد تحریک الطاف حسین کی درازی عمر، صحت و تندرستی اور ناگہانی آفات سے بچاؤ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔



اسی طرح حیدر آباد زون، میرپور خاص، سکھر، نواب شاہ، سانگھڑ، ٹنڈو الہ یار، جامشورو، عمر کوٹ، ٹھٹھہ، بدین، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، دادو، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکار پور، کشمور اور جیکب آباد میں سانحہ علی گڑھ قصبہ کالونی ا ور سانحہ سقوط ڈھاکا کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور انھیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
Load Next Story