چین نے امریکا کو عالمی امن کیلیے سب سے بڑاخطرہ قرار دے دیا

امریکی جارحیت سے 8 لاکھ لوگوں کی جانیں گئیں اور کروڑوں بے گھر ہوئے، وزارت دفاع کا امریکی رپورٹ پر ردعمل


ویب ڈیسک September 13, 2020
چین کی وزارت دفاع کی جانب سے 2 ستمبر کو امریکی وزارت دفاع کی کانگریس میں جمع کروائی گئی رپورٹ پر ردعمل سامنے آیا ہے(فوٹو، فائل)

چین کی وزارت دفاع نے امریکی فوج کو عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 2 ستمبر کو امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے کانگریس میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں چینی فوج کو امریکا کے قومی مفاد اور عالمی امن کے لیے خطرہ قراردیا گیا تھا۔

اس رپورٹ پر ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے چینی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے حقائق کو مسخ کیا گیا اور اس کے دفاعی استعداد کے مقاصد کو غلط رنگ دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں پیپلز لبریشن آرمی اور سوا ارب سے زائد چینی عوام کے رشتوں کو کمزور کرنے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔

چین کی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل یو ژیان نے کہا کہ کئیگزرے برس اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ یہ امریکا ہی ہے جو علاقائی بے چینی اور عالمی سطح پر امن کو برباد کرنے والا ملک ہے۔ امریکا کی جانب سے عراق، لیبیا، شام اور دیگر ممالک میں دو دہائیوں کے دوران کی گئی جارحیت کے نتیجے میں 8 لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور کروڑوں نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: امریکا ہمیں اور پاکستان کو دشمن نہ سمجھے، چین

کرنل یو ژیان نے کہا کہ اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے امریکا نے ایک نام نہاد رپوٹ جاری کی ہے جس میں چین کی معمول کی دفاعی ترقی کے بارے میں جھوٹے دعوے کیے گئے ہیں۔

امریکی وزارت دفاع کی 150 صفحات پر مبنی رپورٹ میں چین کی عسکری قوت اور اس کے مقاصد کا جائزہ لیا گیا ہے۔ بالخصوص تائیوان سے متعلق چین کی حکمت عملی کا باریک بینی سے تجزیہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں چین کی عسکری قوت کو امریکی مفادات اور عالمی نظم عامہ اور امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 20 لاکھ اہل کاروں کے ساتھ چین کے پاس دنیا کی سب سے بڑی فوج ہے۔ 350 بحری بیڑوں اور 293 آبدوزوں کے ساتھ چین کی بحری قوت امریکا سے بھی آگے بڑھ چکی ہے۔ اس کے علاوہ چین کے پاس طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک اور کروز میزائل کی بھی سب سے بڑی کھیپ موجود ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے مابین تعلقات حالیہ تاریخ کی بدترین سطح پر آچکے ہیں۔ دونوں ممالک کی جانب سے سفارتی عملے پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیں اور ویزہ پالیسیوں میں بھی سختیاں کی جارہی ہیں۔ کورونا وائرس کے بعد سے دونوں عالمی طاقتوں کے تعلقات مستقل کشیدگی کا شکار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |