اب تو ملک میں خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں مولانا فضل الرحمان

ریاست بے بس ہے اور ذمہ دار بہانے تلاش کررہے ہیں، سربراہ جے یو آئی (ف)


ویب ڈیسک September 13, 2020
سزا کا اصل مسئلہ یقین مجرموں کے ذہنوں میں لانا ہوگا، سربراء جے یو آئی ف (فوٹو: فائل)

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اب تو ملک میں خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں اور پھر شرم کی بات ہے کہ ریاست مدینہ کی باتیں کی جارہی ہیں۔

اسلام آباد میں چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہ ہوچکی، بے روزگاری عروج پر ہے اور اب تو عورت کی عزت بھی محفوظ نہیں، پھر شرم کی بات ہے کہ ریاست مدینہ کی باتیں کی جارہی ہیں، ریاست بے بس ہے اور ذمہ دار بہانے تلاش کررہے ہیں۔ ذمہ دار افراد ایسے بیانات دے رہے جو زخم پر مزید نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

گینگ ریپ والوں کو سرعام پھانسی دینے سے متعلق صحافی کے سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سرعام پھانسی پر ابھی سوچا نہیں، سرعام پھانسی کا ایگزیکٹو اختیار حکومت کو ہوتا ہے اصل مسئلہ سزا کا یقین مجرموں کے ذہنوں میں لانا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج سربازار ختم نبوت ﷺاور ناموس صحابہ رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین پر حملے ہورہے ہیں، جب کوئی قانون کو ہاتھ میں لیتا ہے تو پھر باتیں کرتے ہیں۔

اے پی سی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی تاریخ طے ہوچکی ہے اور پیپلز پارٹی اس کی میزبان ہے۔ 20 تاریخ کو اپوزیشن بیٹھ رہی ہے، طے کرنا ہے کتنا حلوہ کھانا ہے ورنہ سارا حکومت کھا جائے گی۔ ہمیں روایت سے ہٹ کر مضبوط فیصلے کرنے ہوں گے۔ امید ہے بہتر فیصلے ہوں گے۔

چوہدری شجاعت حسین کی صحت سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کی طبیعت دیکھ کر ان کی صحت کے لئے پوچھنے آیا تھا ان کی طبیعت ایسی نہیں کہ بوجھ ڈالا جائے سیاسی باتیں نہیں ہوسکیں حلوہ کھایا اور قہوہ پیا ہے۔

اس سے قبل مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان کی عیادت کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں