شہباز شریف کی اہلیہ بیٹی اور داماد کے وارنٹ گرفتاری جاری

دفتر خارجہ کو عدالت کے جاری کیے گئے وارنٹس پر عمل درآمد کرانے کا بھی حکم


ویب ڈیسک September 14, 2020
احتساب عدالت میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت جاری ہے(فوٹو، فائل)

احتساب عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹی اور داماد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کے قابل ضمانت جب کہ داماد ہارون یوسف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران آج شہباز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے جب کہ حمزہ شہباز کو اُن کی بیماری کی وجہ سے پیش نہیں کیا گیا. عدالت نے کیس میں سلمان شہباز کے جاری کردہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹی کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جب کہ داماد ہارون یوسف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے ریفرنس پر سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ حمزہ شہباز کو اُن کی بیماری کی وجہ سے پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت کے استفسار پر بتایا گیا کہ حمزہ شہباز کے ٹیسٹ ہوگئے اور رپورٹس کا انتظار ہے۔

شریف فیملی کے وکیل امجد پرویز نے استدعا کی کہ ابتدائی مرحلہ شہباز شریف کے اہل خانہ کو حاضری سے استثنی دیا۔ عدالت نے باور کروایا کہ قانون کے مطابق شریک ملزموں کا عدالت کے روبرو پیش ہونا ضروری ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: شہبازخاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ سامنے آگئے

عدالت نے جاری کردہ وارنٹس پردفتر خارجہ کو عمل درآمد کرانے کے احکامات بھی دے دیے۔ علاوہ ازیں شہباز خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں شریک دو ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے ہوش حواس میں پنجاب کی عوام کی حکومت کی ہے اور اپنے گھر والوں کا نقصان بھی برداشت کیا ہے۔ موجودہ حکومت کو انتقام کے علاوہ کچھ نہیں دکھتا۔

عدالت کے باہر مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ احتساب کے نام پر نیب نیازی گٹھ جوڑ میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ انہیں ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست دی جسے چیف سیکرٹری آفس نے وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ شاید حکومت وزیراعظم آفس کے حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 29سمتبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں