کوئٹہ سے اندورن ملک پی آئی اے کی پروازوں کے کرائے کم کرنے کی قرارداد منظور

صوبائی حکومت پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کے لیے وفاقی حکومت سے رجوع کرے، قرارداد کا متن

پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند نے قرار داد پیش کی فوٹو: فائل

 

بلوچستان اسمبلی نے کوئٹہ سے اندورن ملک پی آئی اے کی پروازوں کے کرائے کم کرنے سے متعلق حکومتی قرارداد منظور کرلی۔

ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابرموسی خیل کی زیرصدارت ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کراچی سے لاہور، اسلام آباد، ملتان اور پشاورسیکٹرز کے درمیان پروازوں کے کرایوں میں کمی لاتے ہوئے ایک مخصوص فارمولے کے تحت ان کے کرایے فکس کردیئے ہیں جبکہ کوئٹہ سے کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سیکٹرز کے درمیان پروازوں کے کرایوں میں تاحال کوئی کمی نہیں لائی گئی ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی اورشدید مایوسی پائی جاتی ہے۔


قرار داد میں صوبائی حکومت سے سفارش کی گئی کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ وہ پی آئی اے انتظامیہ کو کوئٹہ سے کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سیکٹرز کے درمیان چلنے والی پروازوں کے کرایوں میں ملک کے دیگر شہروں کے درمیان پروازوں کی طرز پر کرایے فکس کرنے کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی احکامات جاری کریں تاکہ صوبے کے لوگوں میں پائی جانے والی بے چینی اور احساس محرومی کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔

بشریٰ رند نے کہا کہ کوئٹہ سے کراچی کے درمیان فضائی سفر ایک گھنٹہ پانچ منٹ اور کرایہ 10ہزار جبکہ کراچی سے اسلام آباد کا سفر دو گھنٹے کا ہے جس کا کرایہ ساڑھے سات ہزار روپے ہے، کوئٹہ آنے والی پروازوں کو انتہائی خستہ حال جہاز دیئے جاتے ہیں جبکہ کوئٹہ سے کہیں بھی جانا ہو تو کرایہ کم سے کم دس ہزار روپیہ ہے لیکن دیگر شہروں سے یہی کرایہ چار ہزار روپے سے شروع ہوتا ہے کیا بلوچستان کے لوگ بہت امیر ہیں؟ ہم مجبوری میں سفر کرتے ہیں، ڈیڑھ سال قبل بھی میں اسی نوعیت کی قرار داد لے کر آئی تھی لیکن پی آئی اے نے عمل نہیں کیا میری حکومت سے گزارش ہے کہ وہ پی آئی اے کی لوٹ مار کو بند کرائے۔

جمعیت علماءاسلام کے رکن یونس عزیز زہری ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرئے ، بی این پی کے ملک نصیر شاہوانی ، زبیدہ خیر خواہ نے بھی قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کوئٹہ کے لئے پروازوں کے نرخ کم کرے وفاقی حکومت کے تمام اداروں کی طرح پی آئی اے بھی بلوچستان کا استحصال کررہا ہے عام آدمی 25 سے 29 ہزار روپے کرائے میں کیسے سفر کرسکتا ہے جبکہ بلوچستان سے ملک کے دیگر حصوں میں جانے والی پروازوں کو بھی یا تو کم کردیا گیا ہے یا پھر انہیں بند کردیا گیا ہے بعدازاں قرار داد کو ایوان کی مشترکہ قرار داد کے طور پر منظورکرلیا گیا۔
Load Next Story