کورونا وائرس کراچی کے 2آئیسولیشن سینٹر بند کرنیکا فیصلہ

وبا کے باعث ایکسپو سینٹر اور پی اے ایف میوزیم میں آئیسولیشن سینٹر قائم کیے گئے تھے


Tufail Ahmed September 15, 2020
وزیر اعلیٰ کے احکامات موصول ہوتے ہی دونوں مراکز کو بند کردیا جائیگا، محکمہ صحت سندھ۔ فوٹو: فائل

کراچی میں کرونا وائرس کی وبائی صورتحال کے پیش نظر ایکسپو سینٹر میں فیلڈ آئیسولیشن سینٹر اور پی اے ایف میوزیم میں قائم آئیسولیشن سینٹر کو ابھی بند نہیں کیاگیا تاہم ان دونوں سینٹرزکو بند کرنے کی حتمی منظوری وزیراعلی سندھ سید مراد علیشاہ سے لی جائے گی۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے یہ تصدیق کی گئی کہ ان دونوں سینٹرز کو بند کرنے کے حوالے سے کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے احکامات موصول ہوتے ہی دونوں مراکز کو بند کردیا جائے گا۔

دوسری جانب پیر کو چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی سربراہی میں اجلاس بھی ہوا جس میں دونوں سینٹرزکو بند کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا اور کہاگیا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری بھیج کر منظوری لی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایکسپو میں فیلڈ،ائی سولیشن سینٹرقائم کرنے کافیصلہ 25 مارچ کو کیاگیا تھاجس میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے 1100بسترمختص کیے گئے تھے۔

6 اپریل کو پہلا مریض داخل کیا گیا تھا، ساڑھے 5 ماہ کے دوران فیلڈ ائی سولیشن میں 1154کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کو داخل کیاگیا تھاجن میں سے صحت یابی پر 1152مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا جبکہ ابھی 2مریض زیر علاج ہیں، سینٹر 6اپریل 2020 کو اسٹارٹ کیا گیا تھا۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر مجاہد کو فوکل پرسن مقررکیاگیا تھا جبکہ فیلڈ آئی سولیشن سینٹر میں پاکستان آرمی، آغاخاں اسپتال، سول اسپتال، انڈس اسپتال کے ماہرین نے وائرس سے نمٹنے کے لیے رضا کارانہ طور پر اپنے پیشہ وار فرائض انجام دیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔