پاکستان نے سال کے کامیاب اختتام پر نگاہیں جما لیں

سری لنکا سے ون ڈے سیریزکل شروع ہوگی،حریف فائٹرزکا ڈٹ کر سامنا کریں گے، سہل پسندی سے کام نہیں چلے گا، مصباح


Sports Desk December 17, 2013
شارجہ : پاکستانی کپتان مصباح الحق اور سری لنکن قائد انجیلو میتھیوز ون ڈے سیریز کی ٹرافی تھامے پوز دے رہے ہیں، پہلا میچ کل کھیلا جائے گا ۔ فوٹو : فائل

پاکستان نے سال کے کامیاب اختتام پر نگاہیں جما لیں، سری لنکا سے ون ڈے سیریز کا آغاز بدھ کو ہوگا،کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ حریف فائٹرز کا ڈٹ کر سامنا کریں گے، انھوں نے اپنے کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ سہل پسندی سے کام نہیں چلے گا، آئی لینڈرز پر قابو پانے کیلیے پوری قوت صرف کرنا پڑے گی، جنوبی افریقہ میں فتح ماضی کا حصہ بن گئی، یہاں مختلف حریف کا سامنا ہے۔

دوسری جانب سری لنکا کا مالنگا پر انحصار بڑھ گیا، کپتان انجیلو میتھیوز کہتے ہیں کہ 'یارکر ماسٹر' پاکستانی بیٹنگ لائن کو آغاز پر ہی نشانہ بنانے کیلیے تیار ہیں، حریف بولنگ اٹیک ورلڈ کلاس مگر ہمارے پاس بھی بہترین پلیئرز موجود ہیں، مہیلا جے وردنے کی کمی محسوس ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 5 ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز بدھ سے ہورہا ہے، ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر میزبان کپتان مصباح الحق نے کہا کہ سری لنکا ون ڈے کی بہترین ٹیم ہے، اسے شکست دینے کے لیے ہمیں پوری قوت صرف کرنا پڑے گی، مصباح پہلے ٹوئنٹی 20 میں شکست کے بعد دوسرے مقابلے میں آئی لینڈرز کے زبردست کم بیک سے کافی متاثر دکھائی دیے، انھوں نے کہا کہ سری لنکا نے واضح کردیا کہ شکست کے بعد بھی وہ کتنی شدت سے واپس آ سکتے ہیں، مہمان ٹیم نے دوسرا میچ جیت کر اپنی صلاحیت ثابت کردی، میں ان کے چیلنج کا منتظر ہوں۔



مصباح نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ایک روزہ سیریز کی کامیابی پر مجھے بے پناہ خوشی ہوئی تھی مگر یہ ایک قطعی طور پر مختلف چیلنج ہے، سری لنکنز دراصل فائٹرز ہیں، ہمیں انھیں شکست دینے کیلیے اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانا ہوگا۔ پاکستان کو گذشتہ ماہ یو اے ای میں ہی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یہی بات مصباح کے ذہن میں موجود ہے، اس لیے وہ کہتے ہیں کہ یہاں پر کامیابی کیلیے آپ کو بنیادی معاملات درست رکھنے کی ضرورت ہے، ہمیں اچھی شراکتیں بنانے کے ساتھ آخر تک بیٹنگ کرنا ہوگی، ٹیم کسی بھی صورت سہل پسندی کی متحمل نہیں ہوسکتی، سری لنکا یہاں کی کنڈیشنز کو اچھی طرح جانتا ہے، ویسے یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ دباؤ میں پاکستانی ٹیم اچھے نتائج دیتی ہے، ہم جنوبی افریقہ کے ٹور سے قبل بھی پریشرکا شکار تھے اور وہاں پر کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز نے کہاکہ پاکستان کے پاس دنیا کا بہترین بولنگ اٹیک موجود ہے، جس میں بہترین فاسٹ اور اسپن بولرز شامل ہیں، وہ کسی بھی مرحلے پر جوابی حملہ کرسکتے ہیں۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ سینئر کھلاڑی مہیلا جے وردنے کی کمی محسوس ہوگی تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس سیکوگے پرسنا جیسے پلیئرز موجود ہیں، وہ ون ڈے فارمیٹ کے ماہر ہیں، اسی طرح لسیتھ مالنگا ہمارے پریمیئر بولر ہیں ہمیں پوری امید ہے کہ وہ اننگز کے آغاز پر ہی حریف بیٹنگ لائن کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں