2013 ٹوئنٹی 20 میں پاکستانی ٹیم کی بہتر کارکردگی

12میں سے8میچزجیتے،احمدشہزادکامیاب بیٹسمین اورحفیظ بہترین بولر رہے


Sports Desk December 17, 2013
12میں سے8میچزجیتے،احمدشہزادکامیاب بیٹسمین اورحفیظ بہترین بولر رہے. فوٹو: فائل

لاہور: 2013 میں ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں پاکستان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا،12میں سے 8 میچز میں فتوحات ہاتھ آئیں،احمد شہزاد سب سے کامیاب بیٹسمین اور کپتان محمد حفیظ بہترین بولر قرار پائے۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال گرین شرٹس نے دورئہ جنوبی افریقہ میں2میچزکی سیریز1-0 سے جیتی، ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، ویسٹ انڈیز کو دونوں میچز میں ہرانے کے بعد ٹیم نے زمبابوے سے بھی یہی سلوک کیا، البتہ یو اے ای میں پروٹیز کیخلاف دونوں مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جوابی دورے میں1-1فتوحات دونوں ٹیموں کے حصے میں آئیں، گذشتہ دنوں افغانستان کو واحد میچ میں ہرایا جبکہ سری لنکا کے ساتھ سیریز1-1 سے برابری پر ختم ہوئی، پاکستانی ٹیم نے 12میچز میں شرکت کی،8جیتے جبکہ4میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی افریقہ کیخلاف سنچورین میں7 وکٹ پر 195حفیظ الیون کا سب سے بڑا اسکور رہا، ٹیم دبئی میں پروٹیز کیخلاف ایک میچ میں9وکٹ پر 98 رنز تک بھی محدود رہی۔



سب سے کامیاب بیٹسمین احمد شہزاد نے 12 میچز میں 31.54 کی اوسط سے347رنز بنائے، حفیظ نے 323 رنز اسکور کیے،اوسط کے لحاظ سے شاہدآفریدی سب سے آگے رہے، انھوں نے39.80 کی ایوریج سے199 رنز اسکور کیے، احمد شہزاد نے زمبابوے کیخلاف ہرارے میں ناقابل شکست98 کی اننگز بھی کھیلی، حفیظ نے 3 جبکہ احمد نے 2 نصف سنچریاں بنائیں،عمر اکمل اور شرجیل خان نے 1،1 بار یہ اعزاز پایا۔ بولنگ میں حفیظ 12میچز میں اتنی ہی وکٹیں لے کر سب سے آگے رہے، شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے 10، 10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، انجری کے سبب عمر گل صرف ایک میچ کھیل سکے مگر اس میں ہی ریکارڈ ساز بولنگ کا مظاہرہ کیا، جنوبی افریقہ کیخلاف سنچورین میں انھوں نے صرف6رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ آفریدی نے سب سے زیادہ 5کیچز بھی لیے، وکٹ کیپر عمر اکمل نے10میچز میں3 شکار کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں