وفاقی کابینہ دہری شہریت والے الیکشن لڑسکیں گے ارکان 60 روز میں حلف کے پابند

22 پائلٹس کے مشکوک لائسنس منسوخ،اینٹی ملیریا ادویات،حفاظتی سامان برآمد کرنے، 250 داؤں کی ریٹیل پرائس کی منظوری

اسپیشل کورٹس کے ججوں کی منظوری،اسلام آباد گرین ایریاز پر جیل منہدم کرنے کا حکم،تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی پراطمینان۔ فوٹو:فائل

وفاقی کابینہ نے دوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے اور منتخب ارکان کو60 روز کے اندر حلف اٹھانے کا پابندبنانے اورسینیٹ الیکشن میں خفیہ رائے شماری ختم کرنے کے لیے آئینی ترامیم کی منظوری دیدی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوا جس میں 18نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا ۔ کابینہ نے اینٹی ملیریا ڈرگ اور حفاظتی لباس کی برآمدات اور ہپیٹائٹس، انفلوئنزا، کینسر وغیرہ جیسے مرض کی ادویات سمیت 250 ادویات کی ریٹیل پرائس کی منظوری دی ۔

وفاقی کابینہ نے مزید 22 پائلٹس کے مشکوک لائسنس منسوخ کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ان لائسنسوں کی منسوخی کے ساتھ ایسے پائلٹوں اور ان کے ساتھ ملی بھگت کرنیوالے سول ایوی ایشن کے اہلکاروں کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے کاروائی جاری ہے۔


کابینہ نے نیشنل ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کی ذمہ داریاں عارضی طور پرسیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی کو دینے اور ائیر کموڈور فیصل ایاز صدیقی اور ائیر کموڈور محمد عدنان صدیقی کو پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرا میں بطور ممبر کمرشل اور ممبر ٹیکنیکل تعینات کرنے کی منظوری دی ۔

وفاقی کابینہ نے سول سروسز اکیڈمی کو خود مختار ادارہ بنانے کے حوالے سے مجوزہ بل ''سول سروسز اکیڈمی بل2020ء '' کی منظوری دی اور ممبر مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی خالی اسامی کو پر کرنے کے لئے عمل شروع کرنے کی ہدایت کی ۔

کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے02ستمبر2020ء کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی ۔ کابینہ کے ارکان نے جنسی زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کیلیے قانون سازی کرنے کا بھی مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا ایسے مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
Load Next Story