پنجاب میں شدید دھندکے باعث ٹریفک حادثات میں 3 بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق

دھند کے باعث لاہور، اسلام آباد اورملتان سےمختلف شہروں کو جانے والی متعدد پروازیں بھی عارضی طور پرمنسوخ کردی گئی ہیں۔


ویب ڈیسک December 17, 2013
موٹر وے ایم 3 کو بھی شدید دھند کے باعث پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ فوٹو :فائل

پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں 3 بھائیوں سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث مختلف شہروں میں حد نظر صفر ہونے کے باعث موٹر ویز کو رات سے ہی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا جسے دھند میں کمی آنے کے بعد صبح 10 بجے کھولا گیا۔ لاہور میں شدید دھند کے باعث موٹر سائیکل سوار نو جوان کھڑے ٹرک سے ٹکرا نے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا، مظفر گڑھ میں ٹرک اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار 3 سگے بھائی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ جہانیاں کے قریب بھی 2 ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، شیخوپورہ سے لاہور آنے والی بس نہر میں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

شدید دھند کے باعث رات سے ہی ٹرینوں کو روانگی میں گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا رہا جبکہ لاہور، اسلام آباد اور ملتان سے مختلف شہروں کو جانے والی متعدد پروازوں کو بھی تاخیر سے روانہ کیا گیا۔ شدید دھند کے باعث لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے کو کوٹ موہن تک بند کر دیا گیا تھا اور اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو کالا شاہ کاکو سے جی ٹی روڈ کی جانب موڑ دیا گیا تھا، موٹر وے ایم 3 کو بھی شدید دھند کے باعث پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا جبکہ صوابی سی پشاور جانے والی موٹر موٹر وے ایم ون کو بھی ہر قسم کی ٹرینگ کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ چند ایک مقامات پر بارش بھی ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شدید دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں