آسٹریلیارسوائی کی گہری کھائی کے دہانے پرپہنچ گیا

آج ہارنے پر ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں آئرلینڈ سے بھی نیچے 10 ویں نمبر پر چلے جائے گا

آج ہارنے پر ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں آئرلینڈ سے بھی نیچے 10 ویں نمبر پر چلے جائے گا۔ فوٹو: فائل

ٹوئنٹی 20 میں آسٹریلیا رسوائی کی گہری کھائی کے دہانے پر پہنچ گیا۔

پاکستان سے دوسرا میچ ہارنے پرکینگروز مختصر فارمیٹ کی رینکنگ میں آئرلینڈ سے بھی نیچے 10 ویں نمبر پر چلے جائینگے، دونوں ٹیموں کے درمیان صرف 0.57 پوائنٹس کا فاصلہ موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ہاتھوں سیریز شکست کیساتھ عالمی ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں بدترین پوزیشن بھی آسٹریلیا کی منتظر ہے۔


اگر دوسرے میچ میں بھی کینگروز گرین شرٹس کے ہاتھوں شکار ہوجاتے ہیں تو پھر رینکنگ میں آئرلینڈ سے بھی نیچے دسویں نمبر پر چلے جائینگے، اس وقت نویں نمبر پر موجودآسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان صرف 0.57 پوائنٹس کا فرق ہے۔ اب اگر آسٹریلوی ٹیم پہلے میچ میں 7 وکٹ کی شرمناک شکست کا بدلہ لینے میں ناکام رہی تو پھر اس سے پیچھے صرف زمبابوے کی ٹیم باقی رہ جائیگی، بنگلہ دیش پہلے ہی آسٹریلیا سے اوپر آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کرکٹ میں آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان زمین آسمان کا فرق ہے۔

کوئی بھی آئرش کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ کا حصہ نہیں جبکہ آسٹریلیا کے 15 رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل 13 کھلاڑیوں کے آئی پی ایل فرنچائزز کیساتھ مجموعی طور پر 6.4 ملین ڈالر کے معاہدے ہیں، بعض کھلاڑی اپنے ملکی ایونٹ بگ باش کیساتھ سری لنکا اور بنگلہ دیش لیگ بھی کھیلتے ہیں۔ آسٹریلیا کو ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل کیا جارہا ہے۔

قانونی طور پر میچز پر شرطیں قبول کرنے والی ایک فرم نے ورلڈ کپ میں اس کی فتح پر 7 ڈالر کا دائو آفر کیا جبکہ آئرلینڈ کی فتح پر ایک ڈالر جوا کھیلنے والے کو کامیابی کی صورت میں 201 ڈالر دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔
Load Next Story