3 بہن بھائیوں کو کچلنے والے ٹینکر ڈرائیور کو فرار کرانے کا انکشاف

9ستمبر کواخترکالونی سگنل پر3بہن بھائیوں کوروندنے والے ٹینکرڈرائیورکوشہریوں نے پکڑا،ٹریفک پولیس اہلکارنے اسے فرارکرادیا


Staff Reporter September 17, 2020
ملزم ڈرائیورکوبھگانے پرشہریوں نے اہلکارکاپیچھاکیا،اہلکاربھاگ کرقریبی گھرمیں گھس گیا،حادثے کے بعدکی وڈیووائرل ہوگئی ۔ فوٹو : ایکسپریس

ٹریفک پولیس اہلکار قاتل واٹر ٹینکر ڈرائیورکا سہولت کار بن گیا جب کہ 9 ستمبر کو اخترکالونی سگنل کے قریب 3 بہن بھائیوں کو روندنے والے خونی واٹر ٹینکرکے ڈرائیور کو شہریوں نے پکڑ کرٹریفک پولیس کے حوالے کیا تھا تاہم ٹریفک پولیس اہلکار نے اسے فرار کرادیا تھا۔

9 ستمبر کو ڈیفنس تھانے کے سامنے اختر کالونی سگنل کے قریب واٹر ٹینکرکے اناڑی ڈرائیورنے موٹر سائیکل کو روندا جس کے نتیجے میں اس پر سوار3 حقیقی بہن بھائی موقع پرہی دم توڑ گئے تھے واٹر ٹینکرکے ڈرائیورنے موٹر سائیکل کو روندنے سے قبل قیوم آباد کے پی ٹی انٹر چینج فلائی اوور سے اترتے ہوئے 2 گاڑیوں کو ٹکرماری تھی جس میں ایک کار الٹ گئی تھی تاہم کار سوار افراد معجزانہ طورپرمحفوظ رہے تھے۔

جائے حادثہ پر موجود شہریوں نے واٹر ٹینکر کے ڈرائیورکو پکڑکر ٹریفک پولیس کے حوالے کیا تھا تاہم بعد میں پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ واٹر ٹینکرکا ڈرائیور فرارہوگیا گزشتہ روز دل خراش واقعے کی وڈیو منظرعام پر آگئی، وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکارنے واٹر ٹینکر ڈرائیور کو فرار کرادیا۔



جائے حادثہ پر ملزم ڈرائیور کو رہا کیے جانے پر لوگ مشتعل ہوگئے اور ٹریفک پولیس اہلکار کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم ٹریفک پولیس اہلکار موقع بھاگ گیا پولیس اہلکار بھاگتے بھاگتے قریبی گھر میں گھس گیا تعاقب میں آنے والے شہریوں نے عمارت میں چڑھ کر گھر کو گھیرلیا اور وڈیو بنانا شروع کردی۔

ٹریفک پولیس اہلکاراورمشتعل افراد کی گفتگو سے ثابت ہوتا ہے کہ شہریوں نے ملزم ڈرائیور کو ٹریفک پولیس کے حوالے کیا اورپولیس اہلکار نے اسے فرارکرادیا۔ جس کے بعد سے ملزم پولیس کے ہاتھ نہیں آسکا ہے۔

وڈیو میں شہری کا کہنا ہے کہ تم نے ٹینکر ڈرائیورکو پیسے لیکر بھگادیا جس پرٹریفک پولیس اہلکارعلی حسن نے کہا اگر وڈیو بناؤگے تو بھاگوں گا۔

جاں بحق بہن بھائیوں کی نمازجنازہ میں اہل خانہ نے انکشاف کیا تھا کہ ملزم ڈرائیورکو شہریوں نے پکڑ کرپولیس کے حوالے کیا تھا جسے رہا کردیا گیا۔

ٹریفک پولیس اہلکارکی جانب سے واٹر ٹینکرکے ڈرائیورکوفرار کرانے کی وڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہرنے واقعے کا نوٹس لیتے ایس اپی ٹریفک جنوبی احمد بیگ کوانکوائری افسر مقرر کرکے 2 روزمیں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں