کراچی میں مردہ حالت میں ملنے والی خاتون سرجن کے قتل کی تصدیق

مقتولہ غیر شادی شدہ اور ایک ہزار گز کے بنگلے کی پہلی منزل پر تنہا رہائش پذیر تھیں


Numainda Express September 18, 2020
مقتولہ غیر شادی شدہ اور ایک ہزار گز کے بنگلے کی پہلی منزل پر تنہا رہائش پذیر تھیں

فیروز آباد پولیس نے بہادر آباد کے بنگلے سے لیڈی ڈاکٹر کی ملنے والی لاش کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت درج کرکے مقتولہ کے قریبی رشتے دار کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔

ایس ایچ او ماڈل تھانہ فیروز آباد انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ 4 ستمبر کو بہادر آباد کے علاقے شبیر آباد میں واقع بنگلے سے 60 سالہ ڈاکٹر امت اللہ شیخ دختر غلام عباس کی 2 روز پرانی لاش کمرے کے قالین سے ملی تھی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر انکشاف ہوا کہ لیڈی ڈاکٹر امت اللہ شیخ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا ، مقتولہ غیر شادی شدہ اور ایک ہزار گز کے بنگلے کی پہلی منزل پر تنہا رہائش پذیر تھیں جبکہ گراؤنڈ فلور پر ان کی خالہ زاد بہن اپنے بیٹے کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔

مقتولہ مختلف اسپتالوں میں بطور سرجن کام کرتی رہی ہیں اور جس مکان میں وہ رہائش پذیر تھیں اس کے ساتھ والا ایک ہزار گز کا خالی پلاٹ بھی انہی کی ملکیت بتایا جاتا ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی ان کی جائیدادیں بتائی جاتی ہیں اور شبہ ہے کہ انھیں جائیداد کے تنازعے پر قتل کیا گیا ہے۔

اورنگزیب خٹک نے مزید بتایا کہ پولیس نے مقتولہ کے کلاس فیلو ڈاکٹر ہمایوں بشیر کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مقتولہ کے ایک قریبی رشتے دار کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے اور جلد ہی قتل کی وجہ اور اس میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |