ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری میں 40 فیصد اضافہ

جولائی اگست میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 22 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی، اسٹیٹ بینک


Irshad Ansari/ September 18, 2020
سب سے زیادہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ناروے، مالٹا اور ہالینڈ کی جانب سے کی گئی. (فوٹو، فائل)

رواں مالی سال کے دو ماہ جولائی اوراگست میں مجموعی طور پر 22 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 40 فیصد زیادہ ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سےجاری کردہ اعداد وشمارکے مطابق رواں مالی سال میں جولائی سے اگست 2020 تک ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 22 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے، جب کہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 16 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق سب سے زیادہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ناروے، مالٹا اور ہالینڈ کی جانب سے کی گئی ہے جس کا مجموعی تناسب 54 فیصد بنتاہے، ناروے نے اس عرصہ میں 45 ملین ڈالر، ہالینڈ نے 41 ملین ڈالر اور مالٹا کے سرمایہ کاروں نے 37 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی ہے۔

فنانشل بزنس اورکمیونیکیشن دو ایسے شعبے ہیں جہاں سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے، فنانشل بزنس کے شعبہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں 85 ملین ڈالر اور کمیونیکیشن کے شعبہ میں 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی ہے، اسی طرح تیل وگیس کے شعبہ میں 3 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں