بلدیاتی انتخابات متوقع امیدواروں کی سرگرمیاں بڑھ گئیں

مقامی سیاست میں تحریک انصاف متحرک


Parvez Khan December 18, 2013
مقامی سیاست میں تحریک انصاف متحرک۔ فوٹو: فائل

پچھلے دنوں سکھر اور دیگر علاقوں میں یومِ ثقافت منایا گیا۔ مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں اور برادریوں کی سطح پر ریلیاں نکالی گئیں اور سندھ کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے کے لیے پروگرام منعقد کیے گئے۔

اس موقع پر مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں مختلف فورمز کے تحت منعقدہ پروگراموں میں سندھی ٹوپی اور اجرک اوڑھ کر سندھ کی دھرتی سے اپنی محبت اور ثقافت سے لگاؤ کا اظہار کیا۔ یومِ ثقافت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے عوام سے بلدیاتی انتخابات کے لیے رابطہ مہم شروع کر دی ہے۔ صوبے میں الیکشن کا نیا شیڈول جاری ہونے سے پہلے ہی امیدواروں کی تیاریاں مکمل نظر آرہی ہیں۔ منتخب نمایندوں اور بااختیار سرکاری افسران سے قریبی تعلق رکھنے والے امیدواروں نے التوا کا شکار ترقیاتی کام شروع کرانے کے لیے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے تاکہ ان کی بنیاد پر عوام کی حمایت حاصل کرسکیں۔ سکھر شہر کی میونسپل کارپوریشن، روہڑی کی ٹاؤن کمیٹی اور باگڑجی میں پیپلز پارٹی کی کام یابی یقینی بنانے کے لیے پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اسلام الدین شیخ نے ضلعی عہدے داروں کے ساتھ شہر کے تاجروں اور معززین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی نعمان اسلام شیخ اور پارٹی کی جانب سے میئر کے لیے نام زَد بیرسٹر ارسلان شیخ بھی مقامی نوجوانوں سے ملاقات کرکے مسائل کے حل کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلا رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں سینیٹر اسلام الدین شیخ نے مختلف موقعوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہونا ضروری ہیں، مگر صوبائی حکومت کے تحفظات پر الیکشن کمیشن کو ان کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔ باوردی صدر ہونے کے باوجود جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے والے پرویز مشرف کے بعد اب نہایت عجیب ہوتا کہ ایک سیاسی حکومت اس کے لیے غیر جماعتی انتخابات کا ڈول ڈالتی۔ ضلع سکھر میں الیکشن سے متعلق تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ تشکیل کردہ بورڈ کی جانب سے اچھی ساکھ کے حامل مخلص کارکنوں کو ٹکٹ دیے گئے ہیں، جس کے نتائج انتخابات میں نظر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں ایسے لوگوں کو سامنے لایا جا رہا ہے، جو عوام کو فوری ریلیف دینے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ کی طرف سے سکھر میں سندھی ٹوپی اجرک ڈے منایا گیا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے معززین شہر، تاجر رہنماؤں اور ذرایع ابلاغ کے نمایندوں کو سندھی ٹوپی اجرک پیش کی گئی۔ یوم ثقافت پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی دیوان چند چاولہ، زونل انچارج قطب الدین نے سندھ کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سندھ دھرتی، امن، محبت، پیار، کرنے والوں کی ہے، تمام لوگوں کو ایک دوسرے کی ثقافت کا احترام کرنا چاہیے، متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر جماعتوں کی جانب سے منائے جانے والے یوم ثقافت سے امن اور بھائی چارے کو فروغ حاصل ہوگا۔

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے منعقدہ تقریبات میں ضلع بھر سے کارکنوں اور ذمہ داروں نے شرکت کی۔ ان میں بلدیاتی انتخابات میں نام زد امیدواروں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ ایم کیو ایم کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لیے مہم جاری ہے۔ پارٹی نے اپنے نام زَد امیدواروں میں نئے شیڈول کے اعلان کے بعد معمولی تبدیلی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد شہری سطح پر واضح اکثریت حاصل کرنا ہے۔ ایسے امیدواروں کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے، جو اپنی برادری میں اہم مقام رکھتے ہیں۔

نیٹو سپلائی کی بندش اور دھرنوں کے بعد تحریک انصاف بھی مقامی سطح پر انتہائی متحرک نظر آرہی ہے۔ ضلع کی سطح پر ذمہ داران بھرپور انداز سے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کر رہے ہیں اور مختلف تقریبات میں ضلع سکھر سے ایوانوں میں پہنچنے والے دو سیاسی خاندانوں کو شدید تنقید کا نشانا بنا رہے ہیں۔ ان کی طرف سے کارکنوں کو یہ باور کرایا جارہا ہے کہ شہر کے مسائل کا حل اور یونی ورسٹی کا قیام نئی قیادت کو سامنے لائے جانے سے ہی ممکن ہے۔ ملک کے دیگر شہروں کے طرح عمران خان کے جاں نثار سندھ کے تیسرے بڑے شہر میں عوامی خدمت کے لیے پر عزم ہیں اور چاہتے ہیں کہ بلدیاتی سطح پر بھی اپنی جماعت کے لیے عوام کے دلوں میں جگہ بنائیں۔ گذشتہ دو سال سے تحریک انصاف سکھر میں بھی دیگر جماعتوں کی طرح سرگرم ہے۔ تاہم ضلع کی سطح پر مضبوط شخصیت اور حکمت عملی کے فقدان سے اسے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں